مظفرآباد:5جنوری کو یوم حق خودارادیت ریلی کے سلسلے میں حریت کانفرنس کی تیاریوں کا جائزہ اجلاس

مظفرآباد:کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی کی قیادت میں 5جنوری کویوم حق خودارادیت کے موقع پر منعقد کی جانیوالی ریلی کے سلسلے میں تیاریوں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اجلاس کوبتایا گیا کہ5جنوری کو مظفرآباد میں یوم حق خودارادیت کے حوالے سے تاریخی ریلی منعقد کی جائیگی ۔ ریلی میں شرکت کیلئے سیاسی مذہبی جماعتوں ، علمائے کرام ، نوجوانوں ، تاجروں اور مہاجرین کشمیر سے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ اجلاس میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سیکرٹری جنرل ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ ، سیکرٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ ، آزادی پسند رہنمائوں راجہ خادم حسین ، عبد الماجد شیخ ، مشتاق الاسلام ، زاہد اشرف ، محمد نذیر کرناہی ، منظور احمد شاہ ، چوہدری محمد شاہین ، زاہد احمد صفی ، عثمان علی ہاشم ، سید گلشن شاہ ، عبد المجید میر ، سید شعیب احمد شاہ، عبدالحمید لون اور عزیر احمد غزالی نے شرکت کی ۔
ادھرکل جماعتی حریت کانفرنس کے سکریٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ نے مظفر آباد میں تحریک شباب المسلمین اسٹوڈنٹس ونگ کے عہدیداران کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں 5جنوری کویوم حق خودارادیت کے موقع پر نکالی جانیوالی ریلی میں شرکت کی دعوت دی ۔ تحریک شباب المسلمین اسٹوڈنٹس ونگ کے چیئرمین ریاض احمد اعوان کی زیرصدارت اجلاس میں مشتاق احمد بٹ نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 5جنوری 1949 کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کشمیریوں کو انکاحق خودارادیت دینے کی قرارداد منظور کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ جموں و کشمیر میں آزادنہ و غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے کشمیر اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ خود کرینگے۔مگر بدقسمتی سے سات دہائیاں گزرنے کے باوجود اس قرار داد پر عملدرآمد نہیں کیا گیااور تب سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نا ختم ہونے والا سلسلہ جاری ہے اور کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لیے بے مثال قربانیاں پیش کررہے ہیں۔اجلاس سے منیر کونشے ،زبیر درانی، نصیر میر، فیض اللہ درانی، جہانگیر قریشی ،آصف درانی،ارشد اعوان،امتیاز اعوان، عبد القدوس ،شاہد اعوان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
دریں اثناء غلام محمد صفی کی قیادت حریت کانفرنس کا ایک وفد نے مہاجرین کشمیر کے زیر اہتمام 5جنوری کویوم حق خودارادیت ریلی کو کامیاب بنانے کیلئے ایک خصوصی اجلاس میں شرکت کی ۔اجلاس سے ڈائریکٹر کشمیر لبریشن سیل راجہ سجاد نے خطاب کیا اور ریلی میں بھرپورشرکت کی یقین دہانی کرائی ۔







