اقوام متحدہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حوالے سے اپنے وعدوں کو پورا کرے: مشعال ملک
اسلام آباد:بھارت کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں نظر بند کشمیری حریت رہنمامحمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیاہے کہ وہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حوالے سے اپنے وعدوں کو پورا کرے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مشعال ملک نے یوم حق خودارادیت کے موقع پر اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہاکہ 1947سے لیکر اب تک اقوام متحدہ میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کے بارے میں ایک درجن سے زائد قراردادیں منظورکی گئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میں اقوام متحدہ سے پوچھنا چاہتی ہوں ان وعدوں اور قراردادوں کا کیا بنا، کیا دنیا کا قانون اندھا، بہرہ اور گونگا ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ کیا کشمیری صرف اس لئے پیدا ہوئے ہیں کہ ہم اپنے شہدا ء کو دفناتے رہیں، کیا ہم جیلوں میں ہی پڑے رہیں؟ کیا ہم نے کالے قوانین کے تحت ہی زندگی گزارنی ہے۔مشعال ملک نے سوال اٹھایاکہ کیا اقوام متحدہ نے بھارت کی ہٹ دھرمی کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے ہیں، تاریخ کبھی اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو معاف نہیں کرے گی کیونکہ کشمیریوں پر ظلم ہوتا رہا اور آپ خاموش رہے۔مشعال ملک نے کہا کہ تاریخ اور دنیا گواہی دے گی کہ کشمیریوں نے خون کے آخری قطرے تک جدوجہد جاری رکھی، انشااللہ فتح ہمارا مقدر ہے۔ افسوس کشمیری قربانی دیتے رہے اور دنیا دیکھتی رہی اور خاموش رہی ۔