مقبوضہ کشمیر:پوسٹروں کے ذریعے عالمی برادری کی توجہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کی جانب مبذول کرائی گئی
سرینگر09دسمبر(کے ایم ایس )
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں 10دسمبر کومنائے جانیوالے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر سرینگر اوردیگر علاقوں میں پوسٹر چسپاں کئے گئے ہیں جن میں عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کی طرف مبذول کرائی گئی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہر سال 10دسمبر کو دنیا بھر میں انسانی حقوق کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ اس دن اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 1948 میں انسانی حقوق کا عالمی اعلامیہ منظور کیاتھا۔جموں و کشمیر لبریشن الائنس، تحریک آزادی جموں و کشمیر، کشمیر ریزسٹنس موومنٹ، جموں و کشمیر جسٹس لیگ، کشمیر حریت فورم جموں و کشمیر، جسٹس اینڈ پیس انیشی ایٹو کی جانب سے چسپاں کئے گئے پوسٹروں میں مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی اور مختلف جیلوں میں نظربند دیگر سیاسی نظربندوں کی تصاویر والے پوسٹروں کے ذریعے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کی توجہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی طرف مبذول کرائی گئی ہے۔ پوسٹروں پر درج تحریریوں میں کہاگیا ہے کہ کشمیری عوام کو ان کے حق خودارادیت سمیت تمام بنیادی حقوق سے محروم کردیاگیا ہے ۔ پوسٹروں میں افسوس کا اظہار کیا گیا کہ بھارتی فوجی محاصرے اور تلاشی کی نام نہاد کارروائیوں اور جعلی مقابلوں میں بے گناہ کشمیریوں بالخصوص نوجوانوں کو قتل کر رہے ہیں اور ان کی میتوں کو تدفین کے لیے ورثا کے حوالے بھی نہیں کیاجاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے کارکنوں کو بلا جواز طورپر گرفتار کر کے دور دراز بھارت کی جیلوں میں نظربند کردیا جا تا ہے۔پوسٹروں میں انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کاسخت نوٹس لیں اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرانے کیلئے اپنا اہم کردار ادا کریں۔