وزیر اعظم شہباز شریف کے کشمیر سے متعلق بیان کا خیر مقدم
سری نگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طورپر نظر بند سینئر رہنما شبیر احمد شاہ کی قیادت میں قائم ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی (ڈی ایف پی) نے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کے حالیہ بیان کا خیرمقدم کیا ہے جس میں انہوں نے حق خود ارادیت کے حصول تک کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ڈی ایف پی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر میں ایک بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف کے بیان کو بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے حوصلے اور تقویت کا باعث قرار دیا۔ انہوں نے حق پر مبنی جدوجہد میں کشمیریوںکی مسلسل حمایت پر پاکستان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ترجمان نے بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر مقبوضہ علاقے میں پابندیوں میں تیزی کی بھی مذمت کی اور اسے ظلم کی ایک اور شکل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ گھر گھر تلاشی، جگہ جگہ ناکوں اور گاڑیوں ، مسافروں اور راہگیروں کی بلاجواز تلاشی نے کشمیریوں کی مشکلات میں ضافہ کیا ہے۔
دریں اثنا جموں کشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئرمین الطاف احمد بٹ نے بھی اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف کے بیان کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کے لیے تنازعہ کشمیر کا حل ضروری ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کیلئے کردار ادا کرے۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم پاکستان نے گزشتہ روز آزاد جموںوکشمیرکے شہر بھمبر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حق خودارادیت کے حصول تک بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی غیر متزلزل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور وہ بالآخر آزادی حاصل کریں گے۔