مقبوضہ جموں و کشمیر
مقبوضہ جموں و کشمیر میں محکمہ صحت کے ملازمین کا 72 گھنٹے کی ہڑتال کا اعلان
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں محکمہ صحت کے ملازمین نے اپنے دیرینہ مطالبات کے حق میں 9 ستمبر سے 72 گھنٹے کی ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ فیصلہ جموں اور کشمیر دونوں خطوں کے ملازمین کے نمائندوں کے ایک ورچوئل اجلاس میں کیا گیا۔ اس کا اعلان ملازمین کی جوائنٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی نے کیا۔کمیٹی نے کہا کہ 5 ستمبر کو ختم ہونے والی ڈیڈ لائن تک حکام نے کوئی جواب نہیں دیا۔ کمیٹی نے کہا کہ مقبوضہ علاقے کے تمام ملازمین پرامن اور منظم ہڑتال کریں گے۔کمیٹی کے رہنماوں نے کہا کہ بار بار درخواستیں دینے اور یقین دہانیاں کرائے جانے کے باوجود کوئی نتیجہ نہ نکلنے کے بعد ہڑتال آخری راستہ ہے، تاہم انہوں نے پرامن حل کے لیے مذاکرات پر آمادگی ظاہر کی۔






