پاکستان کی مسلح افواج کا کشمیر یوں کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ
راولپنڈی: ”یوم یکجہتی کشمیر “کے موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، مسلح افواج کے سربراہان نے حق خود ارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد میں بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر کے لوگوں کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ "ہم کشمیری عوام کے ناقابل تسخیر جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو کئی دہائیوں سے ریاستی سرپرستی میں ہونے والے جبر اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں برداشت کر رہے ہیں۔
پاکستان کی مسلح افواج نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی جاری سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی، جن میں ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں اور بلا جواز حراستیں شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ خلاف ورزیاں بین الاقوامی قانون، انسانی اصولوں اور بنیادی انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔
ہم عالمی برادری، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور اقوام متحدہ پر زور دیتے ہیں کہ وہ کشمیری عوام کی حالت زار کا فوری نوٹس لیں اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرانے کیلئے کردار ادا کریں۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ” پاکستان کی مسلح افواج کشمیر کے منصفانہ کاز کے لیے اپنے عزم پر ثابت قدم ہیں اور پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنے فرض میں پرعزم ہیں۔ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی آزادی اور وقار کے جائز حصول میں ان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں“۔KMS-03/M





