یوم یکجہتی کشمیر

بھارتی اقدامات کشمیری عوام کے حق ِخودارادیت کے جذبے کو دبا نہیں سکتے، صدر مملکت

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے ریاستی دہشت گردی اور جبر کے سامنے کشمیری عوام کے عزم و استقلال کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کیلئے اپنی مکمل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق صدر مملکت نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستانی عوام ہر سال 5 فروری کو اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں، کشمیری عوام کے ناقابل ِتنسیخ حق خود ارادیت کے حصول کی منصفانہ اور جائز جدوجہد کیلئے اپنی غیر متزلزل حمایت کی تجدید کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال سنگین ہے، بھارت کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق اور آزادیوں سے محروم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیری عوام کو شدید ریاستی جبر اور تشدد کا نشانہ بنا رہا ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام خوف و ہراس کے ماحول میں رہ رہے ہیں اور کشمیری عوام کے حقیقی نمائندے جیلوں میںہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ بھارتی فورسز سیاسی کارکنوں اور انسانی حقوق کے محافظوں کے خلاف طاقت کا بے جا استعمال کر رہی ہیں، مقبوضہ جموں و کشمیر میں میڈیا کو جبر کے ذریعے خاموش کیا جا رہا ہے۔آصف علی زرداری نے کہا کہ بھارتی اقدامات کشمیری عوام کے حق ِخودارادیت کے انمٹ جذبے کو دبا نہیں سکتے، تنازعہ جموں و کشمیر سب سے پرانے حل طلب بین الاقوامی تنازعات میں سے ایک ہے۔ صدر نے کہا کہ کسی بھی قسم کا ظلم کشمیریوں کے عزم کو متزلزل اور ان کی جائز جدوجہد کو کمزور نہیں کرسکتا، اقوام متحدہ کشمیریوں سے 77 سال قبل کیے گئے وعدوں کا احترام کرے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا رہے گا، مقبوضہ جموں و کشمیر میں 5 اگست 2019کے بھارتی غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے بعد صورتحال مزید خراب ہوئی، بھارتی اقدامات کا مقصد کشمیریوں کو ان کی اپنی ہی سرزمین میں ایک بے اختیار کمیونٹی میں بدلنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت انتظامی، عدالتی اور قانونی اقدامات کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر پر اپنے قبضے کو مستحکم کرنے کی کوششیں کر رہا ہے، گزشتہ 78 سالوں میں کشمیریوں نے اپنے مستقبل کا تعین خود کرنے کے جمہوری حق کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ ریاستی دہشت گردی اور جبر کے سامنے کشمیری عوام کے عزم و استقلال کو زبردست خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button