سرینگر: انتظامیہ نے محبوبہ مفتی، التجا مفتی کو گھر میں نظر بند کردیا

سرینگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انتظامیہ نے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی سربراہ محبوبہ مفتی اور انکی بیٹی التجا مفتی کو سرینگر میں گھر میں نظر بند کر دیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق التجا مفتی نے ایک ٹویٹ میں لکھا” انہیں اور ان کی والدہ محبوبہ مفتی کو گھر میں نظر بند کر دیا گیا ہے ،میری والدہ ضلع بارہمولہ کے علاقے سوپور جانے والی تھیں، جہاں رواں ہفتے کے شروع میں بھارتی فوجیوں نے فائرنگ کر کے ایک ٹرک ڈرائیور کو مار دیا تھا، ہمارے گھر کے دروازے اس لیے بند کر دیے گئے ہیں کیونکہ والدہ مقتول نوجوان کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کیلئے سوپور جانی چاہتی تھیں۔ “التجا نے مزید لیکھا کہ میں کٹھوعہ جاناچاہتی تھیں جہاں بھارتی فورسز نے ایک شہری مکھن دین کو دوران حراست قتل کیا ، کشمیر میں کچھ نہیں بدلا ہے ، یہاں عسکریت پسندوں کے خاندانوں کو بھی مجرم قرار دیا جا رہا ہے۔“
یاد رہے کہ بھارتی فوجیوں نے بدھ کے روز ضلع بارہمولہ کے علاقے سنگرامہ چوک میں تلاشی کی ایک پرتشدد کارروائی کے دوران سرینگر بارہمولہ شاہراہ پر ایک ٹرک کو فائرنگ کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں اسکا ڈرائیور وسیم احمد میر شہید ہو گیا تھا۔ بھارتی پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے جموں خطے کے ضلع کٹھوعہ میں مکھن دین نامی ایک نوجوان کو دوران حراست تشدد کر کے شہید کردیاتھا۔






