بھارت میں 50فیصد سے زائد بچوں کو جنسی استحصال کا سامنا ہے

جنیوا:بھارت کو بچوں اور خواتین کے رہنے کے لیے ایک خطرناک جگہ بننے پر اقوام متحدہ میں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق” پرتیک ”نامی غیر سرکاری تنظیم کے ایک وفد نے اقوام متحدہ کے 58ویں اجلاس میں بتایا کہ لاکھوں بھارتی بچوں کو جبری مشقت، جنسی تشدد اور خواتین کو جنسی استحصال کا سامنا ہے۔ تنظیم کے اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں ہر 15 منٹ میں ایک بچہ جنسی زیادتی کا شکار ہوتا ہے اور ہر آٹھ منٹ میں ایک بچہ لاپتہ ہو جاتا ہے۔ لاپتہ ہونے والے بہت سے بچے اسمگلنگ اور استحصال کا شکار ہو جاتے ہیں۔پرتیک کے مطابق 50فیصد سے زیادہ بھارتی بچے جنسی استحصال کا شکار ہیں۔ ان میں سے 52.94%لڑکے اور 47.06%لڑکیاں شامل ہیں۔تنظیم کے وفد نے عالمی برادری کی طرف سے اپنے معاشی فوائد کے لئے بچوں کے حقوق کو نظر انداز کرنے کی مذمت کی۔وفد نے کہا کہ بھارت اقتصادی ترقی کی آڑ میں اپنے شرمناک حقائق کو چھپا رہا ہے۔ مندوبین نے بچوں کے تحفظ کے لیے عالمی برادری کی جانب سے فوری مداخلت کی ضرورت پر زور دیا۔





