پاکستان

جموں وکشمیر اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے جو کبھی بھارت کا حصہ نہیں رہاہے:پاکستان

اقوام متحدہ:پاکستان نے جموں و کشمیر کو اپنا اٹوٹ انگ قراردیتے کے بھارتی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو اقوام متحدہ اور عالمی برادری نے تسلیم کررکھا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن میں قونصلر گل قیصر سروانی نے گزشتہ روز اقوام متحدہ کی امن کارروائیوںکے بارے میںسلامتی کونسل کے اعلی سطحی اجلاس میں بتایا کہ اقوام متحدہ کے ہر سرکاری نقشے میں جموں و کشمیر کو متنازعہ علاقہ دکھایا گیا ہے۔ وہ بھارتی سفیر پرواتھنی ہریش کے اس دعوے پر ردعمل دے رہے تھے کہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ اور ناقابل تنسیخ حصہ رہا ہے اور رہے گا۔ بھارتی سفیر نے یہ دعوی پاکستانی وزیر اعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی کے جواب میں کیا، جنہوں نے 15رکنی سلامتی کونسل سے عالمی ادارے کی قراردادوں پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا جن میں کشمیری عوام سے اقوام متحدہ کی زیر نگرانی استصواب رائے کے ذریعے حق خودارادیت دینے کا وعدہ کیاگیا تھا۔اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب نے اپنے جواب کے حق کا استعمال کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی دعویٰ قانونی، سیاسی اور تاریخی حقیقت کو تبدیل نہیں کر سکتا ، جموں و کشمیر بھارت کا نام نہاد اٹوٹ انگ نہیں ہے اور نہ ہی کبھی رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک متنازعہ علاقہ ہے، جس کا حتمی فیصلہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو اقوام متحدہ کی زیر نگرانی رائے شماری کے ذریعے کرنا ہے اور سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں میں بھی اسی پر زوردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے 9لاکھ سے زائد فوجیوں اور نیم فوجی دستوں کے ساتھ جموں و کشمیر پر جبری قبضہ کر رکھا ہے اور 1989سے اب تک ایک لاکھ سے زائد بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا ہے۔پاکستانی مندوب نے کہا کہ بھارت نے علاقے میں تاریخ میں سب سے زیادہ فوجی تعینات کر رکھے ہیں یہاں تک کہ ہر آٹھ کشمیریوں پر ایک بھارتی فوجی پہرہ دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے علاقے میں بھارت کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی تصدیق کی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی ستم ظریفی ہے کہ بھارت جو جموں و کشمیر میں بدترین ریاستی دہشت گردی کا ارتکاب کررہا ہے، اپنے آپ کو متاثرہ ملک کے طور پر پیش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام قابضین اور نوآبادکاروں کی طرح آزادی کی جدوجہد کو دہشت گردی کا رنگ دینے کی بھارت کی سوچی سمجھی سازش ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو دوسروں کو بدنام کرنے کے بجائے بیرون ممالک میں ٹارگٹڈ قتل، تخریب کاری اور دہشت گردی کو منظم کرنے کی اپنی مہم پر نظرڈالنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ یہ بھارت ہی ہے جو کالعدم تحریک طالبان پاکستان ، بلوچ لبریشن آرمی اور مجید بریگیڈ کے ذریعے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی حمایت اور مالی معاونت کررہاہے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button