مظفرآباد:” تحریک پاکستان سے تکمیل پاکستان “کے عنوان سے سیمنار کا انعقاد

مظفر آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ نے آزاد جموںوکشمیر کے دارلحکومت مظفر آباد میں” تحریک پاکستان سے تکمیل پاکستان “کے عنوان سے ایک سیمنار کا انعقاد کیا ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سیمینار کے مہمان خصوصی وزیر بحالیات جاوید بڈھانوی تھے جبکہ صدارت حریت کانفرنس آزاد جموںو کشمیر شاخ کے جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز شاہ نے کی۔ سیمینار میںچوہدری شاہین اقبال ، مشتاق اسلام، محمد شفیع ڈار، تنزیر اقبال، پروفیسر ڈاکٹر واجد علی اعوان پروفیسر الطاف حسین ، منظور اقبال بٹ اور دیگر شریک تھے ۔اس موقع پر مقررین نے کہا کہ ہمیں پاکستان اور تحریک آزادی کشمیر کو در پیش چیلنجر سے نمٹنے کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مزید مضبوط و موثر بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی انتھک سیاسی جہدوجہد کے نتیجے میں ہمیں پاکستان کی صورت میں ایک عظیم وطن ملا جو پوری دنیا کے مسلمانوں کی امیدوں اور آرزﺅں کا مرکز ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں قائد اعظم محمد علی جناح ؒکے اقوال پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
مقررین نے کہا کہ مملکت خداداد کی مسلح افواج وطن عزیز کی حفاظت کی خاطر قربانیوں کی ایک لازوال داستانیں رقم کر رہی ہیں، ہم اپنی بہادر افواج کو سلام پیش کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ سیمینارکے انعقاد کا مقصد نوجوان نسل کو تحریک آزادی پاکستان اور قائداعظم کی بے مثال جرات و بہاری اور حصول مقصد کے لیے انتھک جدوجہد سے روشناس کرانا ہے تاکہ وہ قائد کے اصولوں اتحاد، تنظیم اور یقین محکم کی روشنی میں مادرِ وطن کو درپیش چیلنجوں کے لیے نہ صرف تیار ہو سکیں بلکہ تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی اور پوری ریاست کے پاکستان کے ساتھ الحاق کیلئے جاندار کردار ادا کرسکیں۔







