مقبوضہ جموں و کشمیر
سرینگر :انجمن اوقاف کی شب قدر، جمعتہ الوداع کے موقع پر جامع مسجد کو سیل کرنے کی مذمت

سری نگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انجمن اوقاف جامع مسجد سری نگر نے شب قدر اور جمعتہ الوادع پر تاریخی مسجد کو سیل کر نے اور کشمیری مسلمانوں کی یہاں عبادات سے روکنے کے قابض بھارتی انتظامیہ کے اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق انجمن نے ایک بیان میں کہا کہ یہ انتہائی افسوس ناک ہے کہ مسلمانوں کی سب سے بڑی عبادت گاہ کو شب قدر اور جمعتہ الوداع کے موقع پر بند کر دیا گیا۔ بیان میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق کی گھر میں نظربندی کی بھی مذمت کی گئی۔بیان میں کہا گیا کہ انتظامیہ کا یہ اقدام کشمیری مسلمانوں کے دینی معاملات میں صریح مداخلت ہے ۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ جامع مسجد کو باربار بند کرنا کشمیری مسلمانوں کے لیے ناقابل قبول ہے ۔






