مقبوضہ جموں و کشمیر

آزادی کے متوالوں کو ظلم و ستم کے ہتھکنڈوں سے دبایا نہیں جاسکتا،تحریک وحدت اسلامی

سرینگر15 دسمبر(کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں تحریک وحدت اسلامی کے چیئرمین خادم حسین نے کہا ہے کہ ظالم و جابر بھارت نے کشمیریوں کی نسل کشی کی اپنی مذموم پالیسی میں تیزی لائی ہے اور اسکی بدمست فورسز بیگناہ کشمیری نوجوانوں کو روز جعلی مقابلوں میں شہید کر کے کشمیریوں کوحق پر مبنی اپنی جدوجہد سے باز رکھنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق خادم حسین نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت جمہورت کے نام نہاد لبادے میں 21صدی کی اس مہذب دنیا کا ایک انتہائی سفاک ، ہٹ درم اور انا پرست ملک ہے جس نے مقبوضہ جموں وکشمیر کے محکوم لوگوں کے ساتھ ساتھ ملک کی اقلیتوں خاص طور پر مسلمانوں کا جینا حرام کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ تنازعہ جموں وکشمیر کے حوالے سے بھارتی تاریخ چالبازی ، دھوکہ دہی اور وعدہ خلافی سے بھر ی پڑی ہے اور کشمیری عالمی سطح پر تسلیم شدہ اپنا حق ، حق خود ارادیت مانگنے کی پاداش میں گزشتہ 74برس سے اسکے وحشیانہ مظالم سہ رہے ہیں۔ خادم حسین نے کہا کہ بھارت نے خود ایک طویل جدوجہد کے بعد برطانوی تسلط سے آزادی حاصل کی تھی لیکن اسکے توسیع پسندانہ اور پست ذہنیت کے حامل رہنماﺅں نے آزادی کے فوراً بعد کشمیریو ں کو غلام بنا لیا اور وہ گزشتہ سات دہائیوں سے انکی آزادی کی آواز کو فوجی طاقت کے بل پر خاموش کرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی چیرہ دستیوں نے ان برطانوی مظالم کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے جو وہ محکوم اقوام پر ڈھاتا رہا ہے۔ خادم حسین نے کہا کہ برطانوی دور میں بھارت میں جنرل ڈائیر کے ہاتھوں جلیانوالہ باغ قتل عام کا ایک سفاکانہ واقعہ پیش آیا تھا لیکن بھارتی فوجیوں نے مقوضہ علاقے میں اس طرح کے قتل عام کے بیسیوں واقعات سے اپنے ہاتھ رنگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمران شاید یہ بھول بیٹھے ہیں کہ آزادی کے متوالوں کو ظلم و ستم کے ہتھکنڈوں سے دبانے کی کوششیں ہر گز سود مند ثابت نہیں ہوتیں۔ تحریک وحدت اسلامی کے چیئرمین نے کہا کہ کشمیریوں کا جذبہ آزادی بھی بھارت کی تمام تر سفاکیوں کے باوجود انتہائی مضبوط و توانا ہے اور وہ شہداءکے عظیم مشن کو اسکے منطقی انجام تک پہچانے کیلئے انتہائی پر عزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی بہتری اسی میں ہے کہ وہ نوشتہ دیوار پڑھ لے اور طاقت کے بل پر کشمیریوں سے چھینا گیا ان کا ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت انہیں لوٹا دے۔ خادم حسین نے بھارتی فوجیوں کی طرف سرینگر اور مقبوضہ وادی کے دیگر علاقوں میں حالیہ جعلی مقابلوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان میں شہید کیے جانے والے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔
دریں اثنا اسلامی تنظیم آزادی کے چیئرمین عبدالصمد انقلابی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فورسز نے مقبوضہ جموںوکشمیر میں قتل و غارت کا بازار گرم کر رکھا ہے ۔ انہوں نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھو ںضلع پلوامہ میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداءکی عظیم قربانیاں ہرگز رائیگاںنہیںجائیں گی۔عبدالصمد انقلابی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کی نسل کشی روکنے کیلئے کردار ادا کرے اور تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر دباﺅ ڈالے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button