مقبوضہ کشمیر، بھارتی پولیس نے پی ڈی پی کا وقف ایکٹ کے خلاف احتجاج ناکام بنا دیا
سرینگر :بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی پولیس نے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی جانب سے وقف (ترمیمی) ایکٹ 2025 کے خلاف احتجاجی مارچ کو آج بھارتی پولیس نے ناکام بنا دیا۔ پولیس نے پارٹی ہیڈکوارٹرز میں احتجاجی مظاہرین ہی گھیر لیا اور دفتر کے احاطے سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پی ڈی پی کے جنرل سیکریٹری خورشید عالم کی قیادت میں بڑی تعداد میں کارکنان نے احتجاج میں شرکت کی اور وقف ایکٹ کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر لکھا تھا: "ہم وقف ایکٹ کو مسترد کرتے ہیں” اور "نیشنل کانفرنس کی خاموشی مجرمانہ ہے”۔خورشید عالم نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ یہ احتجاج پرامن تھا مگر پولیس نے ہمیں روک دیا۔ انہوں نے کہا، "ہم وقف ایکٹ کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کروانا چاہتے تھے۔ اس بل کو رات کے اندھیرے میں پارلیمنٹ سے پاس کر کے عوام کی آواز دبائی گئی ہے۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں حکمران جماعت نیشنل کانفرنس (این سی) پر بھی تنقید کی اور کہا کہ "بی جے پی کا مسلمانوں کے ساتھ رویہ قابل مذمت ہے، لیکن این سی کی مجرمانہ خاموشی بھی افسوسناک ہے۔ وہ صرف عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔”