بھارتی حکومت دفعہ370کی منسوخی کا فیصلہ واپس لے، مظفر شاہ
سرینگر16 دسمبر (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں، پیپلز الائنس فار گپکار ڈیکلریشن (پی اے جی ڈی) نے بھارتی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ تین متنازعہ زرعی قوانین کی طرح دفعہ 370 کی منسوخی کے فیصلے کو بھی واپس لے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پی اے جی ڈی کے سینئر رکن مظفر احمد شاہ نے سرینگر میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح بھارتی حکومت نے زرعی قوانین کو منسوخ کیاوہ دفعہ 370 کی منسوخی پر بھی نظرثانی کر کے اسے واپس لے۔انہوں نے کہا کہ وہ نئی دہلی میں سول سوسائٹی کے اراکین، اپوزیشن جماعتوں اور دیگر سیاسی رہنماو¿ں سے ملاقات کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں تاکہ انہیں دفعہ 370 کی اہمیت سے آگاہ کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ پی اے جی ڈی کے ترجمان محمد یوسف تاریگامی پہلے ہی بھارتی سپریم کورٹ میں مذکورہ دفعہ کی منسوخی کے خلاف عرضداشت دائر کر چکے ہیں اور وہ عدالت میں اس کی پیروی کرتے رہیں گے اور اس کی منسوخی کے لیے قانونی جنگ لڑیں گے۔