موسم کی صورتحال
رام بن: شدید لینڈسلائیڈنگ کے باعث سرینگر جموں شاہراہ پرٹریفک کی آمد ورفت معطل
سینکڑوں مسافر، مال بردار گاڑیاں پھنس گئیں
سرینگر:
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں مسلسل بارش کی وجہ سے بڑے پیمانے پر مٹی کے تودے گرنے سے سری نگر جموں شاہراہ کا ایک حصہ ضلع رام بن میں بری طرح متاثر ہوا ہے جس سے شاہراہ پر ٹریفک مکمل طور پرٹھپ ہو گئی ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق شاہراہ چٹانوں، کیچڑ اور ملبے کی ایک موٹی تہہ کے نیچے دب گئی ہے، جس سے سیکڑوں مسافر اور مال بردار گاڑیاں پھنس گئی ہیں۔سخت بارش کی وجہ سے رام بن کے علاقے میں شدید لینڈ سلائیڈنگ ہوئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ کئی گاڑیاں بھی گہری کھائی میں گر گئی ہیں تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔شاہراہ پر بکھرا ملبہ ہٹانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے ۔
حکام نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفرسے گریز کریں اور ٹی وی چینلوں کے ذریعے اپ ڈیٹ حاصل کرتے رہیں۔