حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کی طرف سے شاعرمشرق ڈاکٹر علامہ اقبال کوشاندار خراج عقیدت
اسلام آباد:
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام اسلام آباد میں شاعر مشرق، حکیم الامت ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی برسی کے موقع پر ایک دعائیہ مجلس کا اہتمام کیا گیا ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت رہنما سید یوسف نسیم کی زیر قیادت دعائیہ مجلس کے مقررین نے علامہ اقبال کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے نہ صرف مسلمانوں کو خوابِ غفلت سے جگایا بلکہ ان کے دلوں میں حریت، خودی اور بیداری کی وہ شمع روشن کی جو آج بھی انکی رہنمائی کا ذریعہ ہے۔انہوں نے کہاکہ علامہ اقبال کے فکر و فلسفہ نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک نئی روحانی و فکری طاقت بخشی اور انہیں غلامی کی زنجیروں سے نجات دلانے کے لیے جدوجہد کا حوصلہ دیا۔مقررین نے کہا کہ کشمیری عوام علامہ اقبال کے افکار سے گہری نسبت رکھتے ہیں۔ ان کی شاعری نے ہمیشہ کشمیر کے نہتے اور مظلوم عوام کو صبرو استقامت اور جدوجہد کا پیغام دیا ہے۔حریت رہنمائوں نے اس موقع پر اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیری عوام کو ان کا پیدائشی، قانونی اور بنیادی حق خود ارادیت دلوانے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں تاکہ جنوبی ایشیا میں امن واستحکام قائم ہو سکے۔ دعائیہ مجلس کے آخر میںڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے درجات کی بلندی ،شہدائے کشمیر ،کشمیر کی آزادی اور پاکستان کے استحکام کے لیے دعا کی گئی اور اس عزم کا اعادہ کیا گیاکہ کشمیری اپنی جدوجہد آزادی کو اقبال کے خوابوں کی تعبیر بناتے ہوئے منطقی انجام تک پہنچائے گی۔ دعائیہ مجلس میں حریت رہنما محمود احمد ساغر ،ایڈوکیٹ پرویز احمد ،مشتاق احمد بٹ،سید فیض نقشبندی ،میڈم شمیم شال، شیخ عبدالمتین ،دائود خان،جاوید بٹ،میاں مظفر،سید گلشن،نذیر احمد کرنائی ،عدیل مشتاق ،عبدالمجید لون،محمد اشرف ڈاراوردیگر نے شرکت کی ۔