اسلام آباد:
اسلام آباد میں "متحدہ آوازیں "کے عنوان سے سیمینارمیں مقبوضہ کشمیرمیں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی ، کشمیریوں کی نسل کشیُ اوران پر ڈھائے جانیوالے وحشیانہ مظالم پرسخت تشویش ظاہر کی گئی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیمینار کا اہتمام کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ اور کشمیر انٹرنیشنل انسٹیٹیوٹ آف ریلیشنزنے کیاتھا ۔ جس کی صدارت کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے کی جبکہ سیمینار میں مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بشمول حریت قیادت، دانشوروں، تجزیہ کاروں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ غلام محمد صفی نے اپنے خطاب میں کہاکہ کشمیری عوام کواپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیاجاناچاہیے جس کی ضمانت انہیں اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں میں فراہم کی گئی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ہم مسئلہ کشمیر کا کوئی نیا حل تلاش نہیں کرنا چاہتے کیونکہ کشمیری عوام کئی دہائیوں قبل پاکستان سے الحاق کا فیصلہ کر چکے ہیں۔ غلام صفی نے کہاکہ پاکستان اور بھارت کو ایک پلڑے میں نہیں طولاجاسکتا کیونکہ بھارت ایک غاصب ملک ہے جس نے جموںو کشمیر پر فوجی طاقت کے بل پر غیر قانونی طورپر قبضہ کر رکھا ہے ۔انہوںنے کہاکہ ہمیں دوست اور دشمن میں فرق سمجھنا چاہیے ۔سینیٹر شیری رحمان نے سیمینار سے خطاب میں کہاکہ کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو کی جماعت ہے جنہوں نے کشمیر یوں کی جدوجہد اور آزادی کی تحریک میں اہم کردار ادا کیا۔ پیپلز پارٹی نے ہر فورم میں کشمیر کی آزادی کے حوالے سے آواز اٹھائی ہے۔
کشمیر اور فلسطین میں غاصب قوتوں نے ظلم کی انتہا کردی ہے اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں جاری ہیں۔ اقوام متحدہ کودونوں دیرینہ تنازعات کیلئے حل سنجیدگی سے ایکشن لینا چاہیے کیونکہ دونوں مقبوضہ علاقے میں نسل کشی جاری ہے۔ سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر،سردار عتیق خان اورسابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اپنے خطاب میں دیرینہ تنازعہ کشمیر کو ہر عالمی فورم پر اٹھانے پر زوردیا۔ انہوںنے کہاکہ کشمیر ایک نظریہ ہے ۔ کشمیر کے بغیر پاکستان ادھورا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جو مجاہدین کشمیر کی جدوجہدآزادی میں شہید ہوئے وہ ہمارے ہیرو ہیں۔ انہوںنے کہاکہ وقت بدل رہا ے، انشااللہ جلد فلسطین اور مقبوضہ کشمیر آزاد ہوں گے ۔برٹش مسلم کمیونٹی کے رکن لیاقت علی اور ممبر لیبر پارٹی لندن ڈاکٹر ذوالفقارنے کہاکہ مسئلہ کشمیر کے حل کا وقت آگیاہے کیونکہ جموں وکشمیر اس وقت عالمی توجہ کا مرکز بنا ہواہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زوردیاکہ وہ جموںوکشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالیاں بند کرائے۔دیگرمقررین نے مقبوضہ جموں و کشمیرکی سنگین صورتحال ، بھارتی ریاستی دہشت گردی، آبادی کے تناسب کو بگاڑنے کے مودی حکومت کے مذموم عزائم کی شدید مذمت کی ۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی قابض انتظامیہ حریت قیادت کو حق خودارادیت کی جائز جدوجہد سے دستبردار ہونے کیلئے بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنارہی ہے ۔انکے گھروں اور جائیدادوں کو ضبط کرنے اور گرفتاریوںکی دھمکیاں دی جارہی ہیں جبکہ انکے اہلخانہ کو خوف و دہشت کا نشانہ بنایا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت گزشتہ 78سال سے جموں وکشمیر پر اپنے غیر قانونی و غیر آئینی قبضے کو طول دینے کیلئے استعماری ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے۔ تاہم انہوںنے کہاکہ تمام تر ظالمانہ و جابرانہ ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری عوام اپنی حق پر مبنی جہدوجہد سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹیں اور اسے اسکے منطقی انجام تک جاری رکھیں گے ۔ مقررین نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا ۔ انہوں نے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ بھارت کے وحشیانہ مظالم کا فوری نوٹس لے اور بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کے چارٹر کی پاسداری کیلئے بھارت پردبائو بڑھائے۔مقررین نے بھارتی جیلوںمیں غیر قانونی طورپر نظربند کشمیری حریت رہنمائوں اور نوجوانوںکی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری اپنی حق خودارادیت کی جدوجہد سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے اور وہ مقصد کے حصول تک اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے۔انہوں نے عالمی برادری خاص طور پر اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیں، کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنانے اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں اور پرامن حل کے لیے اپنی کوششیں تیز کریں۔دیگر مقررین میں عبد الرشید ترابی ، ڈائریکٹر کشمیر لبریشن سیل راجہ سجاد، چیئرمین جے سیون گروپ چوہدری مقبول اوربیرون ملک مقیم دیگر کشمیری اور پاکستانی شامل تھے۔سیمینار میں سفیر نفیس زکریا ،جے کے ایل ایف فرانس کے صدر عمران بٹ کے علاوہ کشمیری حریت رہنماایڈوکیٹ پرویزاحمد ،مشتاق احمد بٹ، شمیم شال ،الطاف حسین وانی ، محمد رفیق ڈار،شیخ عبدالمتین ،سید اعجاز رحمانی ،راجہ خادم حسین ،شیخ یعقوب،زاہد اشرف،زاہد صفی، میاں مظفر ، جاوید جہانگیر،چوہدری شاہین ،محمد اشرف ڈار،شیخ عبدالماجد ،محمد شفیع ڈار،عبدالحمید لون،عبدالمجید لون، سید منظور احمد شاہ، سید گلشن،منظور احمد ڈار،اشفاق مجید ،ثناء اللہ ڈارنے شرکت کی ۔ KMS-Y





