پاکستان

بھارت نے اگر مہم جوئی کی غلطی کی تو پاکستان کے جواب کو تاریخ یاد رکھے گی، طلال چوہدری

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ جموںو کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں اپنے فالس فلیگ آپریشن کو جواز بنا کر اگر مہم جوئی کی غلطی کی تو پاکستان کے جواب کو تاریخ یاد رکھے گی۔
کشمیرمیڈیا سروس کےمطابق طلال چوہدری نے ایک بیان میں کہاکہ موجودہ صورتحال میں پاکستانی میڈیا کا کردار قابل تحسین ہے، پہلگام واقعے کے بعد بھارت کے جھوٹے پروپیگنڈے کو پاکستانی میڈیا نے بیک فٹ پر کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں سوشل میڈیا پر اب فالس فلیگ آپریشن پر کڑی تنقید ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی کی پوری سیاست مسلمان دشمنی اور مذہبی انتہا پسندی پر مبنی ہے، پہلگام فالس فلیگ آپریشن مودی سرکار کی پہلی واردات نہیں ہے، پہلگام واقعے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کے گھر گرائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مودی کے بطور وزیراعلیٰ گجرات مسلمانوں پر مظالم دنیا ابھی بھولی نہیں ہے، بھارت میں مسلمانوں پر زمین تنگ کردی گئی ہے، مودی سرکار کی تمام تر قانون سازی مسلمان دشمنی پر مبنی رہی، آج دو قومی نظریے کا ایک ایک حرف سچ ثابت ہو رہا ہے۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا پہلگام فالس فلیگ آپریشن کرکے پاکستان کا پانی بند کرنے کا بہانہ بنایا گیا، سندھ طاس معاہدے کی معطلی مودی کی سیاست بڑھک ہے، عملاً بھارت پاکستان کے پانی کا ایک بوند بھی نہیں روک سکتا، پاکستان کا پانی روکنے کا دعویٰ کرنے والی مودی سرکار نے دریائے جہلم میں پانی چھوڑ دیا ہے۔
وزیر مملکت برائے داخلہ کا کہنا تھا مودی کی پہلگام فالس فلیگ آپریشن جیسی وارداتوں کا مقصد اپنی سیاست کو دوام بخشنا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان پر حملے کی کسی صورت غلطی نہیں کرےگا لیکن اگر اس نے ایسا کیا تو پھر پاکستان کے جواب کو تاریخ یاد رکھے گی، پاکستانی قوم اور مسلح افواج ہر طرح کی جارحیت سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے، پاکستان کی امن کی خواہش کو ہرگز کمزوری نہ سمجھا جائے.

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button