دیرینہ مسئلہ کشمیر کے حل کا یہ اہم وقت ہے، مشعال ملک
لاہور:
کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ دیرینہ مسئلہ کشمیر کے حل کا یہ اہم وقت ہے۔انہوں نے گرفتار حریت رہنمائوں کو فوری رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مشعال ملک نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہاکہ مسئلہ کشمیر ہی خطے کا اصل مسئلہ ہے ورنہ بھارت کا فالز فلیگ آپریشن کا سلسلہ جاری رہے گا۔انہوں نے کہاکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ثالثی کی پیشکش کا مطلب ہے مسئلہ کشمیر بھارت کا اندورنی نہیں کثیرالجہتی مسئلہ ہے، مذاکرات کیلئے امریکا اور چین کا بہت اہم رول ہو سکتا ہے۔نریندر مودی کا ٹریک ریکارڈ اچھا نہیں ہے، ووٹ کیلئے مودی معاملات کو ایٹمی جنگ کی طرف لیجانے سے گریز نہیں کرتا لیکن مودی کو بدترین شکست ہوئی اب وہ کسی کا سامنا نہیں کر پا رہا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر حل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے بعد امریکی صدر نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا تھا کہ دونوں ممالک کے ساتھ مل کرکام کروں گا اور دیکھوں گا کیا ہزاروں سال بعد مسئلہ کشمیر کا کوئی حل نکل سکتا ہے۔