مسئلہ کشمیر کے حل تک جنوبی ایشیا ءپر جنگ کے بادل منڈلاتے رہیں گے، بیرسٹر سلطان
اسلام آباد:
صدر آزاد جموں وکشمیربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مخاصمت کی اصل وجہ مسئلہ کشمیر ہے اور جب تک اس مسئلے کا پرامن حل نہیں نکالا جاتا اس وقت تک جنوبی ایشیا پر جنگ کے بادل منڈھلاتے رہیں گے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ان خیالات کا اظہار کشمیر ہاو¿س اسلام آباد میں آذربائیجان کے میڈیا اینڈ انفارمیشن لٹریسی سینٹر کی سربراہ و وائس ریکٹر ٹیلی ریڈیو اکیڈمی اے۔زیڈ ٹیلیویڑن الماز محمود نصیبووا کو ایک خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ صدر آزاد جموں وکشمیر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر تقسیم برصغیر کے وقت سے چلتا آ رہا ہے ، جموںو کشمیر ایک مسلم اکثریتی ریاست ہے لیکن بھارت نے جبری طور پر اسکے ایک بڑے حصے پر قبضہ جمار رکھا ہے۔انہوںنے کہا کہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر ایک حل طلب مسئلہ ہے۔ بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے کہا کہ بھارت پہلگام میں ایک فالس فلیگ آپریشن کر کے اور اس کا الزام پاکستان پر لگا کر دنیا کی حمایت حاصل کرنا چاہتا تھا لیکن اسکا یہ پروپیگنڈہ ناکام ہو گیا اور پاک فوج نے بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے ا±س کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملادیا۔انہوںنے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کے اصل اور اہم فریق کشمیری عوام ہی ہیں ۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر ایک فلیش پوائنٹ ہے جب تک اس مسئلے کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں نکالا جاتا جنوبی ایشیاءمیں دیر پاامن و سلامتی کی کوئی ضمانت نہیں دی جا سکتی لہذا عالمی برادری کو چاہیے کہ اس تنازعے کے حل کیلئے کردار ادا کرے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آذربائیجان نے ہمیشہ کشمیری عوام کے موقف کی تائید اور حمایت کی ہے جس پرہم آذربائیجان کی حکومت اور عوام کے مشکور ہیں۔





