پاکستان اپنے حصے کے پانی پر کوئی سمجھوتہ کرے گانہ ہی بھارت کوریڈ لائن کراس کرنے دے گا،وزیراعظم
دوشنبے: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دو ٹوک الفاظ میں کہاہے کہ پاکستان اپنے حصے کے پانی پر نہ تو کوئی سمجھوتہ کرے گااورنہ ہی بھارت کوریڈ لائن کراس کرنے دے گا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں گلیشیئرز کے تحفظ سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے گلیشیئرز کے تحفظ کو پاکستان کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں پانی کا دارومدار گلیشیئرز پرہے ،ماحولیاتی تبدیلیو ں کے اثرات کے نتیجہ میں پاکستان کے گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں،ترقی یافتہ ممالک ماحولیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پانی کا نصف حصہ گلیشیئرز سے حاصل ہوتا ہے،انڈس ریور سسٹم ہماری لائف لائن ہے اورہماری تہذیب ، ثقافت اور معیشت کا اس پر دارومدار ہے ، پاکستان کے 5 بڑے دریائوں کا پانی گلیشیئرز کا مرہون منت ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پانی کوہتھیار کے طور پر بھی استعمال کیا جارہا ہے۔بھارت کا سندھ طاس معاہدے کو اپنے تنگ نظر سیاسی مفادات کے لئے یک طرفہ طور پر معطل کرنے کا فیصلہ قابل مذمت ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان اپنے حصے کے پانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اوربھارت کو ریڈ لائن کراس نہیں کرنے دیگا۔وزیراعظم نے کہا کہ گلیشیئرز کا تحفظ ہر صورت یقینی بنانا ہوگا۔






