مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر بھارت کے ساتھ تجارت بحال نہیں ہو سکتی : وزیر اعظم کاکڑ
اسلام آباد: نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل تک پاکستان اوربھارت کے درمیان تجارتی روابط بحال نہیں ہو سکتے۔
اتوار کی شب ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ موجودہ حالات میں دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تجارت بحال نہیں ہو سکتی۔پاکستان کے وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیر بنیادی ہے، لیکن جب ہم کہتے ہیں کہ کشمیر بنیادی ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہم ہر وقت بھارت کے ساتھ لڑتے رہنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ یہ مسئلہ پرامن طریقے سے حل ہو، لیکن خدا نہ کرے اگر امن قائم نہ ہوا اور پورے جنوبی ایشیا کو ایک ایسی صورت حال کی طرف دھکیل دیا گیا جہاں قیام امن ممکن نہ ہو تویہ عالمی امن کے لئے خطرناک اورپاکستان، بھارت اور دنیا کے لیے لمحہ فکریہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اگر بھارت کشمیر پر جمہوری طریقے سے کام کرتا ہے تو پاکستان ایک اچھے شراکت دارکا کردار ادا کرے گا۔وزیر اعظم نے کہاکہ میری خواہش اور دعا ہے کہ سب سے بڑی جمہوریت ہونے کے ناطے بھارت دنیا کی ایک عظیم جمہوریت میں تبدیل ہو جائے اوربڑے سے عظیم بننے کا یہ فیصلہ بھارتی سیاستدانوں، دانشوروں اور سول سوسائٹی کو کرنا ہے۔تاہم انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف نئے اسٹریٹجک منصوبوں کا حصہ بننے پر بھارت کے لیے مشکلات پیداہونگی۔