
نئی دلی:بھارت کی دفاعی خامیاں اور بدعنوانیاں ایک بار پھر عالمی سطح پر بے نقاب ہو گئی ہیں۔ بھارتی فضائیہ کے سربراہ ایئر مارشل اے پی سنگھ نے بھارت کے دفاعی خریداری کے عمل میں شدید خامیوں کا اعتراف کیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی ایئر چیف اے پی سنگھ نے نئی دہلی میں منعقدہ سی آئی آئی اینول بزنس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹائم لائنز کا تصور ختم ہو چکا، بھارت میں کوئی بھی بڑا دفاعی منصوبہ مقررہ وقت پر مکمل نہیں ہوتا۔دفاعی معاہدوں کی کرپشن کا راز فاش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاہدے ہو جاتے ہیں، لیکن ہتھیار کبھی بھی وقت پر نہیں ملتے ۔ انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ معاہدے کے تحت بہت سے سسٹم کبھی بھی ڈیلیور نہیں کیے جاسکتے، پھر بھی معاہدے پر دستخط ہوتے ہیں۔انہوں نے آپریشن سندور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آپریشن سندو ر کی ناکامی سے بھارتی فوج کی نااہلی بے نقاب ہو ئی۔ یہ بھارتی فوجی قیادت کے لیے اٹھ کھڑے ہونے کا وقت ہے۔ ایئر چیف نے تسلیم کیا کہ جدید جنگ کی نوعیت تیزی سے بدل رہی ہے اور اس میں اسٹریٹجک تبدیلی کی ضرورت ہے۔بھارتی فضائیہ کے سربراہ کی غیر معمولی عوامی تنقید نے بھارت کے دفاعی شعبے کی شفافیت، کارکردگی اور تیاری پر سنگین سوالات اٹھائے ہیں۔
یاد رہے کہ بھارت نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگا کرپاکستان اور آزاد کشمیر میں شہری علاقوں پر حملہ کیاتھا۔ پاک فضائیہ نے جوابی کارروائی میں رافیل سمیت 6بھارتی طیارے مار گرائے تھے ۔







