ٹرمپ کے بار بار کیے گئے دعوے پر کانگریس نے مودی کی خاموشی پر سوال اٹھا دیا

نئی دہلی: بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایک بار پھر بھارت اور پاکستان کے درمیان ممکنہ جنگ کو روکنے کے دعوے پر وزیرِاعظم نریندر مودی کی مسلسل خاموشی پر کڑی تنقید کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کانگریس کے جنرل سیکرٹری جے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” پر ایک ویڈیو کلپ شیئر کی جس میں ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے "بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ کو روکا” اور یہ کام "تجارت کے ذریعے” کیا۔جے رام رمیش کا کہنا تھا کہ ٹرمپ اس طرح کا دعویٰ کئی بار کر چکے ہیں، لیکن وزیراعظم مودی نے اب تک اس پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ "جب بھارت احمد آباد طیارہ حادثے کے صدمے میں ڈوبا ہوا ہے، صدر ٹرمپ ایک بار پھر بھارت اور پاکستان پر پرانے دعوے دہرا رہے ہیں۔”
واشنگٹن ڈی سی کے کینیڈی سینٹر میں ایک تقریب کے دوران ٹرمپ نے کہا کہ وہ "کسی بھی مسئلے کا حل نکال سکتے ہیں” اور انہوں نے کشمیر کے معاملے پر بھارت اور پاکستان کے درمیان دیرینہ دشمنی ختم کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔ ان کا کہنا تھا، "میں نے بھارت اور پاکستان سے کہا کہ میں کچھ بھی حل کر سکتا ہوں، اور میں نے ان کے درمیان ممکنہ جنگ کو روک دیا، وہ بھی فون کالز اور تجارت کے ذریعے۔”
کانگریس رہنما جے رام رمیش کا کہنا ہے کہ یہ دعویٰ بھارت کی خارجہ پالیسی پر سنگین سوالات اٹھاتا ہے اور مودی کی خاموشی قومی وقار کے منافی ہے۔






