بھارت :پاکستان زندہ باد کے نعروں نے ہلچل مچادی، ویڈیو وائرل
نئی دلی: بھارت کے شہر گوا میں پاکستان زندہ باد کے نعروں کو دیکھ کر ہلچل مچ گئی جس کے بعد 9 افراد کو گرفتارکر لیا گیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شمالی گوا کے علاقوں باگا اور ارپورہ میں 2مختلف واقعات میں دکانوں کے ایل ای ڈی سائن بورڈز پر اچانک پاکستان زندہ باد کے نعرے دکھائی دینے لگے۔واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے ۔پولیس کے مطابق منگل کی شب پیش آنے والے ان واقعات پرمقدمہ درج کرکے9افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پہلا واقعہ 9بجکر 50 منٹ پر جبکہ دوسرا 10 بجکر 18 منٹ پر پیش آیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں دکانداروں کو حراست میں لیکر ایل ای ڈی بورڈز کو منقطع کردیاگیا۔ دونوں دکانداروں کے خلاف ملکی سالمیت کو خطرے میں ڈالنے کے جرم میں الگ الگ ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں کہ یہ کارروائیاں جان بوجھ کر کی گئی تھیں یا کسی نے سسٹم کو ہیک کیا تھا۔






