APHC

برہان وانی بھارتی قبضے کے خلاف مزاحمت کی علامت اورکشمیری عوام کے ہیرو ہیں: جی اے گلزار

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے وائس چیئرمین غلام احمد گلزار نے کہا ہے کہ شہید نوجوان رہنما برہان مظفر وانی بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف مزاحمت کی علامت اورکشمیری عوام کے ہیرو ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق غلام احمد گلزار نے برہان وانی کے یوم شہادت پر ایک پیغام میں کہا کہ نوجوان رہنما دشمن کے لیے خوف کی علامت تھے۔ انہوں نے کہاکہ اس چمکتے ہوئے ستارے کی زندگی، جدوجہد، قربانی، ہمت اور استقامت ان کشمیری نوجوانوں کے لیے رول ماڈل ہے جو اپنے مادر وطن کو غیر ملکی قبضے سے آزاد کرانے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ جی اے گلزار نے شہید نوجوان رہنما اور تحریک آزادی کے دیگر شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری ان مقدس ارواح کے مقروض ہیں جنہوں نے ہمارے مستقبل کے لیے اپنی قیمتی جانیں قربان کیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدا ء کی عظیم قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی اور آج جموں و کشمیر اس عہد کی تجدید کرتا ہے کہ شہدا ء کے مشن کو ہر قیمت پر پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہدا ء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ اس عظیم مشن کی تکمیل ہے جس کے لیے انہوں نے اپنی جانیں نچھاور کیں۔حریت رہنمانے کنٹرول لائن کے دوسری جانب ،پاکستان اور بیرون ملک مقیم کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ برہان وانی اور تحریک آزادی کے دیگر شہدا ء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ریلیاں، سیمینارز اور دیگر پروگراموں کا اہتمام کریں اور عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ جموں وکشمیر میںقابض بھارتی افواج کے ہاتھوں کشمیریوں کی نسل کشی کی طرف مبذول کرائیں۔انہوں نے کہاکہ برہان وانی نے سوشل میڈیا کے ذریعے کشمیری نوجوانوں کو آگاہی دلائی۔جی اے گلزار نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کو قتل کرنا، انہیں وحشیانہ تشدد کے ذریعے جسمانی اور ذہنی طور پر معذور کرنا اور من گھڑت الزامات پر گرفتار کر کے سالہاسال تک جیلوں میں ڈالنا ایک معمول بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کشمیری نوجوانوں کو مختلف بہانوں سے قتل کر رہا ہے،یہ ایک منظم نسل کشی ہے جس کا مقصد کشمیریوں کو ختم کرنا اور ان کی زمینوں پر قبضہ کرنا ہے۔انہوں نے شہداء کے مشن کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ جو قوم برہان وانی جیسے بہادر بیٹوں کو جنم دے رہی ہے، اسے فوجی طاقت اور جھوٹے پروپیگنڈے سے شکست نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ آج جب ہماری بقائ، ہماری شناخت، مذہب، زمینیں، وسائل، عزت، وقار اور سب کچھ دا ئوپر لگا ہوا ہے، ہمیں مل کرمشترکہ لائحہ عمل طے کرنا ہوگا اور بھارتی ثقافتی جارحیت اور جبری قبضے کو ختم کرانے کے لیے اجتماعی کوششیں کرنا ہوں گی۔ حریت کانفرنس کے وائس چیئرمین نے کشمیر اور بھارت کی بدنام زمانہ جیلوں میں بند کشمیری سیاسی قیدیوں کی حالت زار پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان نظربندوںپر نہ صرف تشدد کیا جاتا ہے بلکہ انہیں ضروری طبی امداد سمیت تمام بنیادی سہولیات سے بھی محروم رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ، او آئی سی اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور متنازعہ علاقے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کوبند کرائیں۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق دیرینہ تنازعہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کے بغیر خطے میں قیام امن ممکن نہیں ہے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button