مقبوضہ جموں و کشمیر

بی جے پی مقبوضہ کشمیرمیں اسمبلی نشستوں میں اضافے کے ذریعے انتخابات جتینا چاہتی ہے،فاروق عبداللہ

سرینگر23 دسمبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ نریندر مودی کی زیرقیادت بھارتیہ جنتا پارٹی جموں ڈویژن میں جن اسمبلی نشستوں میں اضافے کی سفارش کی گئی ہے کو جیت کر مقبوضہ علاقے میں اپنی حکومت بنانا چاہتی ہے۔تاہم انہوں نے کہا کہ وہ اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہو گی ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فاروق عبداللہ نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ بی جے پی جموں میں اسمبلی کی نشستیں جیت کر مقبوضہ کشمیر میں حکومت بنانے کے اپنے خواب کو پورا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی دھاندلی کے بغیر کبھی بھی جموں و کشمیر میں انتخابات نہیں جیت سکتی کیونکہ کشمیری عوام بی جے پی سے نفرت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس حلقہ بندی کمیشن کی رپورٹ کو بھارتی سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے جا رہی ہے۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ انہوں نے 5اگست 2019کے مودی حکومت کے جموں و کشمیر میں غیر قانونی اقدامات کو سپریم کورٹ میں چیلنج کررکھا ہے ۔تاہم انہوں نے کہاکہ پتہ نہیں کیوں اس کیس کی سماعت نہیں ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم اپنے فیصلے پر قائم ہیں کہ حلقہ بندی کمیشن کا قیام سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی ہے کیونکہ ہمارا مقدمہ عدالت عالیہ میں زیر سماعت ہے جس میں مودی حکومت کے 5اگست کے غیر قانونی اقدامات کو چیلنج کیاگیا ہے ۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button