عوامی مجلس عمل کا مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر اظہار تشویش
سرینگر28 ستمبر (کے ایم ایس )
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں جموں و کشمیر عوامی مجلس عمل نے مقبوضہ علاقے کی موجودہ سیاسی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق عوامی مجلس عمل نے آج سرینگر میں پارٹی ہیڈ کوارٹر میر واعظ منزل راجوری کدل میں ایک اجلاس میں بھارتی قابض فورسز کی طرف سے بڑھتی ہوئی ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ اجلاس کے شرکاء نے پارٹی کے سربراہ میر واعظ محمد عمر فاروق کی مسلسل گھر میںنظر بندی کی شدیدمذمت کی۔ انہوںنے کہاکہ میر واعظ عمر فاروق کی پرامن مذہبی ،سیاسی اور سماجی سرگرمیوں پرجبری اور بلاجواز قدغن کا مقصد انہیں اپنے لوگوں سے دور رکھنا ہے۔ انہوںنے کہاکہ اگر قابض انتظامیہ نے اپنی عوام دشمن پالیسیاں جاری رکھیں تو اسے شدید عوامی غیض و غضب کا سامنا کرنے پڑے گا۔انہوں نے تہاڑ ، جودھپور ، آگرہ ، امپھالہ اور ہریانہ کی جیلوں میںغیر قانونی طورپر نظربند حریت رہنمائوں ، کارکنوں اورکشمیری نوجوانوں کی مسلسل نظربندی پر تشویش ظاہر کی ۔ انہوں نے میر واعظ عمر فاروق سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔اجلاس کے شرکا نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ دیرینہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کیلئے اپنا موثر کردار ادا کرے تاکہ خطے میں پائیدار امن و سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔