عالمی برادری کشمیر میں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم پر بھارت کو جواب دہ ٹھہرائے، مشعال ملک

اسلام آباد:پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن مشعال حسین ملک نے بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مشعال حسین ملک نے انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز (آئی ار ایس ) اور یوتھ فورم کشمیر (وائی ایف کے) کے تعاون سے منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب میں کہا کہ مودی حکومت نے اگست 2019میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد نہتے کشمیریوں پر مظالم میں تیزی لائی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ بھارتی فوجیو ں نے مقبوضہ علاقے میں ماورائے عدالت قتل ، بلاجواز گرفتاریوں ، اظہار رائے کی آزادی کے حق پر قدغنوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔
مشعال حسین ملک نے کہا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں حالات معمول پر لانے کے اپنے نام نہاد بیانیے کے ذریعے عالمی برادی کو گمراہ کرنے کی مسلسل کوشش کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری بھارت کے تمام تر جبر وستم کے باوجود شہداءکے مقدس مشن کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے بھارت کے مکروہ چہرے کو بین الاقوامی سطح پر بے نقاب کرنے اور حق خود ارادیت کے لیے کشمیریوں کی جدوجہد کواجاگر کرنے کے حوالے سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاﺅشوں اور کوششوں کو سراہا ۔
مشعال حسین ملک نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم پر بھارت کو جواب دہ ٹھہرائے اور تنازعہ کشمیر کو اقوم متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے کردار ادا کرے۔
سیمینار کی صدارت انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز کے صدر ایمبیسڈر جوہر نے کی ۔ انہوں نے کشمیریوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انکے ساتھ پاکستان کی مضبوط حمایت کا اعادہ کیا۔






