بھارتی فوجیوں نے بیمار کم سن کشمیری بچے کو ہسپتال جانے کیلئے راستہ نہیں دیا
سرینگر :
بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں قابض بھارتی فوجیوں کی سنگدلی او ر غیر انسانی رویے کا ایک تازہ مظاہرہ ضلع اسلام آباد میں اس وقت دیکھنے کو ملا جب انہوں نے ایک کار میں والدین کے ہمراہ سوار کم سن بیمار بچے کو ہسپتال جانے کیلئے راستہ دینے سے انکار کر دیا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ضلع کے علاقے قاضی گنڈ میں پیش آیا ہے جسکی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائر ہے۔ ویڈ یو میں کارمیں سوار بچے کے والد اور والدہ کو شاہراہ پر کھڑے بھارتی فوجیوںکی منت سماجت کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے لیکن وہ ٹس سے مس نہیں ہو رہے ۔ بچے کے والدین کو واضح طور پریہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ” ہمار ا بچہ بیمار ہے ، اگر ہسپتال نہیں پہنچایا تو اسے کچھ ہوجائے گا“۔ تاہم فوجیوں نے انکی پکار پر بالکل کان نہیں دھر ے ۔ ویڈیو میں بیمار بچے کو کار کی پچھلی سیٹ پر بلکتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ قابل غور بات یہ ہے کہ اس دوران امرناتھ یاتریوں سے بھری گاڑیوں کو فوجیوںنے بالکل نہیں روکا اور وہ فراٹے بھرتے ہوئے آگے نکل گئیں۔لیکن ایک بیمار کشمیری بچے پر بھارتی فوجیوں کو کوئی ترس نہیں آیا۔ یہ واقعہ مقبوضہ جموں کشمیر کے مظلوم لوگوں پر قابض بھارتی فورسز اہلکاروں کے ظلم وستم کا واضح عکاس ہے۔





