بھارت پہلگام حملے کے بعد خود جج، جیوری اور جلاد کا کردار ادا کرتا رہا، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد:ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر داخلہ کے بیانات من گھڑت ہیں، پاکستان آپریشن سندور پر بھارتی رہنماوں کے اشتعال انگیز بیانات کو مسترد کرتا ہے، بھارت اپنا کوئی بھی تزویراتی ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہا، افواج پاکستان نے بھارتی جارحیت کا موثر جواب دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ بھارت پہلگام حملے کے بعد خود جج، جیوری اور جلاد کا کردار ادا کرتا رہا، عجب اتفاق ہے کہ بھارتی لوک سبھا کی بحث کے آغاز پر پہلگام واقعے کے مبینہ ملزمان مارے گئے۔ انہوںنے کہا کہ آپریشن مہادیو کی ہمارے نزدیک کوئی اہمیت نہیں، بھارت اس آپریشن کے نام پر معصوم لوگوں کو نشانہ بنا رہا ہے، پاکستان کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم بھارتی رہنماوں کے سندھ طاس معاہدے پر بیانات کو مسترد کرتے ہیں، بھارت غلط معلومات اورجنگی جنون پر انحصار کر رہا ہے۔
شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان کا ہمیشہ یہی موقف رہا ہے کہ جموں و کشمیر کی حتمی حیثیت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق طے ہونا ہے۔







