بھارت کی پاک فوج کو بدنام کرنے کی سازش بری طرح ناکام ہوئی ، ڈی جی آئی ایس پی آر
پاکستان ہر محاذ پر دفاع کے لیے پوری طرح تیار اور یکسو ہے،لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری
راولپنڈی:
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہاہے کہ بھارت نے پراکسیز اور سہولت کاروں کی مدد سے پاک فوج کو بدنام کرنے کی منصوبہ بندی کی، تاہم اس کا یہ منصوبہ بری طرح ناکام ہو گیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ بھارت یہ سمجھ رہا تھا کہ حملوں کے بعد پاکستانی فوج کو آسانی سے ڈس کریڈٹ کر دیا جائے گا، مگر پاکستان کے بھرپور اورموثر جواب نے دشمن کو خود ہی بے نقاب اور بدنام کر دیاہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور پاک فوج کی جانب سے جرات مندانہ ردعمل کے نتیجے میں بھارتی پراکسیز بھی ناکام ہوئیں اور خود بھارت بھی ڈس کریڈٹ ہوا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت کی اربوں ڈالر مالیت کی عسکری مشین پاکستانی حوصلے اور عزم کے آگے بے بس ثابت ہوئی۔بھارت نے فتنہ الخوارج اور فتنہ ہند کے ذریعے بیک وقت کارروائی کی کوشش کی ، لیکن پاکستان نے بیرونی حملہ آوروں اور اندرونی دہشت گرد نیٹ ورکس کا بہادری سے مقابلہ کیا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی دو محاذوں پر بیک وقت لڑنے کی صلاحیت نے دشمن کو حیران کر دیا، 2014میں تمام سیاسی جماعتوں نے غیر قانونی اسپیکٹرم کے خاتمے پر اتفاق کیا تھا مگر آج تک اس پر مکمل عملدرآمد نہیں ہو سکا۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ غیر قانونی مقیم افغان باشندے جرائم میں ملوث ہیں، جب ان کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے تو چند سیاسی اور کرمنل عناصر کو مسئلہ ہوتا ہے تاہم نیشنل ایکشن پلان کے تمام 14 نکات پر مکمل عمل درآمد قومی سلامتی کے لیے ناگزیر ہے۔انہوں نے نوجوانوں کو ملک کا قیمتی سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ قومی استحکام کے لیے سیاسی قیادت اور عوام کو اداروں کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے دو ٹوک پیغام دیا کہ پاکستان ہر محاذ پر دفاع کے لیے پوری طرح تیار اور یکسو ہے۔






