نام نہاد آپریشن سندور پر بھارتی ڈاکومینٹری حقائق مسخ کرنے کی کوشش ہے، آئی ایس پی آر

راولپنڈی:نام نہاد آپریشن سندور پر بھارتی دستاویزی فلم ڈرامائی اور حقائق کے منافی ہے، معرکۂ حق کے ایک سال سے زیادہ عرصہ گزر گیا، بھارت اب بھی شکست کی تلخ حقیقت تسلیم کرنے سے انکاری ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں تاریخ کو مسخ کرنے کیلئے بھارتی مواد تخلیق کاروں نے نام نہاد آپریشن سندور کی انتہائی ڈرامائی اور حقائق کے منافی داستان تیار کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق دستاویزی فلم میں بھارت کی اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت کو بھی شامل کیا گیا، ناکام مہم میں شکست تسلیم کرنے کے بجائے بھارت نے تاریخ کو اپنی مرضی سے پیش کرنے کا فیصلہ کیا۔ نام نہاد آپریشن سندور کے نام پر تاریخ دوبارہ تحریر کرنے کی کوشش بے نقاب ہوگئی، بھارتی ڈاکومینٹری حقائق مسخ کرنے کی کوشش ہے۔ بھارتی ڈاکومینٹری حقائق کے بجائے جذباتی بیانیے اور فلمی انداز کی عکاس ہے۔ائی ایس پی آر کے مطابق فلم میں 16 اپریل 2025 کو پاکستان کے آرمی چیف کے خطاب اور 22 اپریل 2025 کے پہلگام واقعے کے درمیان دانستہ تعلق قائم کرنے کی کوشش کی گئی ہے جبکہ اس تعلق کی کوئی بنیاد پیش نہیں کی گئی۔ بھارت نے بعد ازاں دعویٰ کیا کہ پہلگام واقعے کے 3 مبینہ ملزمان کی شناخت کرکے انہیں 28 جولائی 2025 کو ہلاک کیا، نام نہاد آپریشن سندور کے 82 دن بعد اگر آپریشن سندور پہلگام کے ذمہ داروں کو سزا دینے کے لیے کیا گیا تھا تو بھارت کو وضاحت کرنا ہوگی کہ 7 مئی 2025 کو بھارت کے دعوے کے مطابق کس کو سزا دی گئی۔ بھارتی دستاویزی فلم میں ’’100 فیصد مشن کامیابی‘‘ کے دعوے کو بھی آپریشنل ریکارڈ سے متصادم قرار دیا گیا جبکہ حقیقت میں معرکہ حق کے دوران پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کو کامیابی سے ناکام بنایا اور 8 بھارتی فوجی طیارے مار گرائے۔ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں پاکستان نے بھارتی جارحیت ناکام بنائی، پاکستان نے بھارتی جارحیت کے دوران 8 فوجی طیارے مار گرائے، آپریشن بنیان مرصوص میں 26 بھارتی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا، فلمی مناظر طیاروں کے نقصان اور حقیقی جنگی حقائق نہیں بدل سکتے۔آئی ایس پی آر کےمطابق پاکستان کو معرکہ حق پر کوئی من گھڑت بیانیہ بنانے کی ضرورت نہیں، جنگی ریکارڈ ، سفارتی رابطے اور بھارتی بیانات حقیقت خود بیان کرتے ہیں، معرکۂ حق کو ایک سال سے زیادہ عرصہ گزر گیا ہے، بھارت معرکہ حق میں شکست کی تلخ حقیقت تسلیم کرنے سے انکاری ہے۔آئی ایس پی آر نے واضح کیا ہے کہ پاکستان علاقائی امن و استحکام کے لیے پرعزم ہے، پاکستانی افواج ملکی خودمختاری اور سالمیت کے دفاع کیلئے مکمل تیار ہیں، آئندہ کوئی فوجی مہم جوئی ہوئی تو پاکستان کا جواب فیصلہ کن ہوگا





