کشمیریوں کے پاس بھارتی قبضے سے آزادی کے لئے جدوجہد کے بغیر کوئی چارہ نہیں

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے کشمیری عوام کے غیر متزلزل عزم کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ قتل وغارت، گرفتاریاں یا تشدد بھارتی قبضے سے آزادی کے لیے ان کے جذبے کو ختم نہیںکر سکتا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت رہنمائوں نے کہا کہ کشمیریوں کے پاس بھارت کے غیر قانونی اور جابرانہ قبضے سے آزادی کے لئے جدوجہد کے بغیر کوئی چارہ نہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ کشمیری گولیوں کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں لیکن بھارت کے ظلم و بربریت کے سامنے کبھی نہیں جھکیں گے۔حریت رہنمائوں نے کہا کہ مودی حکومت آزادی پسند کشمیریوں کے ناقابل تسخیر جذبے کو نہیں توڑ سکتی جو بھارت کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے متحد اور پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی عزم و ہمت جنہوں نے بھارتی تسلط کو کبھی تسلیم نہیں کیا، تحریک آزادی کی تاریخ کا ایک سنہراباب ہے ۔انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر پر بھارت کا مسلسل فوجی قبضہ نہ صرف ایک جرم ہے بلکہ عالمی برادری کے ضمیر کے لیے بھی ایک سنگین چیلنج ہے۔حریت رہنمائوں نے کہا کہ آزادی کی صبح قریب ہے اورجموں و کشمیر ہمیشہ زنجیروں میں جکڑا نہیں رہے گا۔انہوں نے کہا کہ آزادی کے حصول تک کشمیریوں کی مزاحمت جاری رہے گی۔





