پنڈتوں کی وادی کشمیر میں واپسی کا معاملہ انسانی ہمدردی کا متقاضی ہے، میر واعظ

سری نگر :کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کشمیری پنڈتوں کی مقبوضہ وادی کشمیر میں اپنے گھروں میں باوقار واپسی کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاملہ سیاست کا نہیں بلکہ انسانی ہمدردی کا متقاضی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سینئر کشمیری پنڈت دانشور آنجہانی بھوشن بزاز کی یاد میں نئی دہلی میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں مسلمانوں کے لیے کشمیری پنڈت باہر کے نہیں ہیں وہ ہمار ا ہی ایک حصہ ہیں۔میرواعظ نے کہا کہ میں نے ہمیشہ جامع مسجد کے منبر سے یہ بات کہی ہے کہ کشمیری پنڈتوں کی وادی میں باوقار واپسی کوئی سیاسی معاملہ نہیں ہے بلکہ یہ ایک انسانی معاملہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پنڈتوں کو محفوظ علاقوں یا الگ الگ کالونیوں میں نہیں بلکہ اپنے گھروں میں واپس جانا چاہیے اور پہلے کی طرح اپنے مسلمان بھائیوں کے ساتھ مل جل کر رہنا چاہیے۔
میرواعظ نے کہا کہ کشمیر میں پائیدار امن کے لیے ایک دوسرے کے درد کو تسلیم کرنے کی ضرورت ہے
انہوں نے کہا کہ بھوشن بزاز نے اپنی زندگی بھائی چارے کا درس دیتے ہوئے گزاری اور بطور بانی جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فرنٹ انہوں نے کبھی بھی فرقہ پرستی کی سیاست نہیں کی ۔ معروف مصنف اور کشمیر کے تاریخ دان پریم ناتھ بزاز کے بیٹے پنڈت بھوشن بزاز کا رواں ہفتے کے شروع میں 91 سال کی عمر میں دہلی میں انتقال ہو گیا۔





