بھارت میں صحافیوں کو ریاستی جبر، ہراسانی اور پابندیوں کا سامنا ہے، عالمی برادری نوٹس لے: حریت قیادت
اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ نے مقبوضہ جموں و کشمیر اور بھارت میں صحافیوں کو درپیش مشکلات، ریاستی دباو اور آزادی صحافت پر عائد پابندیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق صحافیوں کے خلاف جرائم سے استثنیٰ کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پرکل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی کی صدارت میں اسلام آباد میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں کہاگیاکہ مودی حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر اور بھارت میں صحافیوں کو ہراساں کرنے اور آزادانہ صحافتی سرگرمیوں سے روکنے کے لیے ظالمانہ اقدامات کر رہی ہے۔اجلاس میں کہاگیاکہ 5 اگست 2019 کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر میں صحافت سے وابستہ افراد کو مزید مشکلات، گرفتاریوں اور قانونی کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سچ سامنے لانے اور عوامی مسائل اجاگر کرنے والے صحافیوں کے خلاف کالے قوانین کے تحت مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔
حریت رہنمائوں نے معروف کشمیری صحافی آصف سلطان کی گرفتاری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اگست 2018 میں اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون (UAPA)کے تحت گرفتار کیا گیا۔ گزشتہ سال اپریل میں عدالت سے ضمانت ملنے کے باوجود انہیں فوری طور پر پبلک سیفٹی ایکٹ (PSA)کے تحت دوبارہ گرفتار کیا گیا۔اجلاس میں کہا گیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر اور بھارت میں صحافیوں کو ہندوتوا پالیسی کے مطابق کام کرنے کے لیے دبا وکا سامنا ہے۔ صحافت اور اظہارِ رائے کی آزادی کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیادہوتی ہے، لیکن صحافیوں کو حکومتی پالیسیوں اور ناکامیوں پر تنقید کرنے اور حقائق سامنے لانے پر ہراسانی، دھمکیوں اور بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
حریت رہنماوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ہندوتوا سے وابستہ عناصر کی جانب سے صحافیوں کو دھمکیاں دی جاتی ہیں اور انہیں تنقید سے روکنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ بھارت میں آر ایس ایس کی حمایت یافتہ بی جے پی حکومت پر تنقید کرنے والے صحافی بھی مختلف حلقوں کی جانب سے دباواور دھمکیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آزادی صحافت پر پابندیاں عائد کرنا، صحافیوں کو گرفتار کرنا اور سچ کی آواز دبانے کی کوشش کرنا بنیادی انسانی حقوق اور آزاد صحافت کے اصولوں کے منافی ہیں۔ بی جے پی کی زیرِ قیادت مودی حکومت کو مقبوضہ جموں و کشمیر اور بھارت میں صحافیوں کے حقوق اور آزادی صحافت کی پامالیوں پر جواب دہ بنایا جانا چاہیے۔
حریت قیادت نے عالمی برادری، اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور صحافتی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں صحافیوں کو درپیش مشکلات کا فوری نوٹس لیں اور بھارت پر دبا وڈالیں کہ صحافیوں کو بلا خوف و خطر اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دینے، حقائق دنیا کے سامنے لانے اور آزادانہ رپورٹنگ کرنے کی اجازت دی جائے۔









