اوڑی کے شہریوں کی ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کے اجراء میں غیر معمولی تاخیر کی مذمت

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں ضلع بارہمولہ کے سرحدی قصبے اوڑی کے رہائشیوں نے حکام کی طرف سے ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کے اجرا ء میں غیر معمولی تاخیر کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقامی لوگوں کے ایک وفد نے میڈیا کو بتایا کہ یہ طرز عمل گزشتہ کئی ہفتوں سے جاری ہے جس سے درخواست گزاروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔اوڑی کے رہائشی شفیق احمد نے بتایا کہ تحصیل دفتر کے بار بارچکر لگانے کے باوجود ایک مہینہ قبل دی گئی درخواست پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ یہ سرٹیفکیٹ ایک اہم دستاویز ہے جو تقریبا ہر سرکاری کارروائی کے لیے ضروری ہے لیکن یہاں کے حکام اسے جاری کرنے میں سنجیدہ نہیں ہیں۔ایک اور مقامی باشندے اقبال بانڈے نے کہا کہ تاخیر بڑی تشویش کی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ عام لوگ مہینوں انتظار کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ سے تعلق رکھنے والوں کے ساتھ ترجیحی سلوک کیا جاتا ہے۔ علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک طالب علم نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اسے خدشہ ہے کہ تاخیر کی وجہ سے وہ نوکری کے لئے انٹرویو نہیں دے سکے گا۔رابطہ کرنے پر تحصیلداراوڑی عاشق حسین نے اعتراف کیا کہ تاخیر کا مسلہ ہے تاہم انہوں نے یقین دلایا کہ وہ اس معاملے کو دیکھیں گے۔






