بھارت پاکستان کودوبارہ نشانہ بنانے کی کوشش کر سکتا ہے: منیر اکرم

اسلام آباد :اقوام متحدہ میں پاکستان کے سابق مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ بھارت عالمی سطح پر اپنی ساکھ بچانے کے لیے پاکستان کو ضرور نشانہ بنانے کی کوشش کرے گا، لہذا ہمیں ہر صورت محتاط اور تیار رہنا ہوگا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق منیر اکرم نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اس خطرے کے پیش نظر اپنی حکمت عملی مزید مضبوط کرنی چاہیے۔پروگرام میں پاکستان چائنا انسٹیٹیوٹ کے چیئرمین مشاہد حسین سید نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ عالمی امن اور علاقائی سلامتی کے لیے سب سے بڑا خطرہ "گریٹر اسرائیل اور "اکھنڈ بھارت کے گٹھ جوڑ سے ہے” جو انفرادی طور پر پہلے ہی ناکامی کا سامنا کرچکے ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ اسلام آباد بھی موساد کے ممکنہ اہداف میں شامل ہوسکتا ہے، اس لیے غیر معمولی احتیاط کی ضرورت ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنما مشتاق احمد خان نے گفتگو میں کہا کہ مسئلہ فلسطین پاکستان کے لیے اتنی ہی اہمیت رکھتا ہے جتنی مسئلہ کشمیر کی ہے، اس لیے دونوں تنازعات پر پاکستان کا موقف اصولی اور واضح رہنا چاہیے۔






