منی پور میں مسلسل خون ریزی بی جے پی حکومت کی ناکامی کی ایک سنگین مثال ہے، کانگریس
طویل مدت سے جاری المیے میں خواتین ، بچے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، کھرگے
نئی دلی: کانگریس نے ریاست منی پور میں مسلسل تشدد پر بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دفاعی لحاظ سے اہم سرحدی ریاستوں میں خون ریزی کا سلسلہ جاری رہنما نظم و ضبط، دستوری حقوق اور قومی سلامتی کے تحفظ میں بی جے پی حکومت کی ناکامی کی ایک سنگین مثال ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کانگریس کے صدر ملکار جن کھرگے نے ویزر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ سے تین سوال کرتے ہوئے دریافت کیا کہ ان کی طرف سے کارروائی سے قبل مزید کتنی معصوم جانیں منی پور میں ضائع ہوں گی۔ انہوںنے کہا کہ بی جے پی کی نااہلیت کے سبب منی پور میں مسلسل خون بہہ رہا ہے ۔ حالیہ تشدد کے واقعے میں چار بے گناہ لوگوںکی ہلاکت انتہائی قابل مذمت ہے ۔ کھرگے نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ مئی 2023سے ریاست میں 3سو سے زائد قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئی ہیں اور 24ہزار سے زائد افراد کو مجبورا قابل رحم حالات میں ریلیف کیمپوں میں رہنا پڑ رہا ہے، طویل مدت سے جاری المیے میں خواتین ، بچے اور غریب خاندانوں پر ضرب پڑ رہی ہے ، بی جے پی کے سیاسی جوڑ توڑ اور وزیر اعلیٰ کو ہٹا کر صدر راج کا نفاذ اور پھر دوبارہ سے اپنی مرضی کی حکومت دینے پر بھی امن قائم نہ ہوسکا۔
کانگریس صدر نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے بھی تشدد بھڑکنے کے تقریبا 29ماہ بعد بھی منی پور کی سرزمین پر قدم نہیں رکھا اور پارلیمنٹ میں دی گئی نام نہاد یقین دہانی کو پورا کرنے میں پوری طرح ناکا م رہے ہیں۔
کھرگے نے وزیر اعظم اور وزیر داخلہ سے سوال کرتے ہوئے دریافت کیا کہ جون 2023میں امیت شاہ کی تشکیل کردہ امن کمیٹی کا کیا ہوا۔ اس حساس ریاست میں امن بحال کرنے کیلئے کیا ٹھوس اقدامات کیے گئے۔سپریم کورٹ کی تقرر کردہ جسٹس کیتا متل کمیٹی کی سفارشات پر کیا عمل کیا گیا، ریلیف کیمپ میں 31افراد کی غیر فطری اموات پر سپریم کورٹ کے سوال کے باوجود ابھی تک کیوںہزاروں لوگ بے گھر ہیں۔ خواتین ، بچوں ، بے گھر خاندانوں کے تحفظ ، وقار اور باز آباد کاری کے لیے کیا اقدامات کیے گئے ہیں۔ 3سو سے زائد اموات ، صدر راج اور وزیر اعلیٰ کی تبدیلی کے بعد ریاست میں حکمرانی کی ناکامی کی ذمہ داری کون لے گا۔ انہوں کہا کہ منی پور کو انصاف ، احترام ، دستوری حقوق اور پائیدار امن کی ضرورت ہے ۔ بی جے پی کی سیاسی چالوں سے ریاست کا تحفظ اور اسکے استحکام کو یرغمال نہیں بنایا جاسکتا ۔
یاد رہے کہ منی پور میں مئی 2003سے میتی (ہندو) اور کوکی (عیسائی) قبائل کے درمیان جاری نسلی تشدد میں اب تک کم از کم 306جانیںضائع ہوئی ہے، 49افراد لاپتہ ہیں اور ہزاروں لوگ بے گھر ہوچکے ہیں۔








