بی جے پی، آرایس ایس نے لداخ کے لوگوں، انکی ثقافت و روایات پر حملہ کیا ہے ،راہول گاندھی
نئی دہلی:
کانگریس کے رہنما اور بھارتی پارلیمنٹ کے ایوان زیرین لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) نے لداخ کے لوگوں، انکی ثقافت اور روایات پر حملہ کیاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق راہول گاندھی نے سماجی رابطوں کی سائٹ ’ایکس ‘پر ایک پوسٹ میں کہا، "لداخ کے لوگ اور انکی ثقافت و روایات بی جے پی اور آر ایس ایس کے حملوں کی زد میں ہیں، لداخیوںنے حقوق کے لیے آواز اٹھائی تو بی جے پی نے چار نوجوانوں کو مار کر اور سونم وانگچک کو جیل بھیج کر جواب دیا۔
یاد رہے کہ بھارتی فورسز نے بدھ کے روز لداخ خطے کے قصبے لیہہ میں حقوق کے لیے سراپا احتجاج لوگوں پر گولیاں برسا کر چار افراد قتل جبکہ سو کے لگ بھگ زخمی کر دیے تھے۔ بھارتی پولیس نے علاقے کے معروف ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کو بھی گرفتار کر کے بھارتی ریاست راجستھان کی جودھ پور سینٹرل جیل میں منتقل کر دیا ہے۔








