اقوام متحدہ میں پاکستان کے عوام کی ترجمانی ،غزہ و کشمیر کے مظلوم عوام کی آواز بننے کا موقع ملا، وزیراعظم
لندن:
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ میں پاکستان کے 24کروڑ عوام کی ترجمانی اور غزہ اور کشمیر کے مظلوم عوام کی آواز بننے کا موقع ملا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سب کو مبارک ہو، نیویارک اور واشنگٹن کا ہمارا دورہ انتہائی کامیاب اور مفید رہا ۔ الحمدللہ غزہ کی صورتحال پر جنرل اسمبلی میں بھرپور آواز اٹھائی، فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور مسئلہ کشمیر اور کشمیر کی آزادی کے لیے بھی جنرل اسمبلی کے فورم پر بھرپور آواز اٹھائی۔افواج پاکستان نے بھارت کو جو سبق سکھایا ہے وہ اسے ہمیشہ یاد رہے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ معرکہ حق میں ہم نے بھارت کو شکست فاش دی ،اللہ تعالی کے فضل و کرم سے بھارت کو ایسا سبق سکھایا ہے جو زندگی بھر اسے یاد رہے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پانی کے اوپر جو ہمارا حق ہے اس پر بھی بھرپور اواز اٹھائی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جنگ جیت لی ہے، ہماری بہادر مسلح افواج نے انتہائی پیشہ ورانہ صلاحیت اور مہارت کا مظاہرہ کیا،ان کا عزم انتہائی مضبوط اور پختہ تھا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں معر کہ حق میں پاکستان نے تاریخی فتح حاصل کی۔جنگ کے دوران پوری قوم اپنی مسلح افواج کے پیچھے کھڑی تھی۔پاک فضائیہ نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت میں ہمارے بہادر شاہینوں نے اپنی جرات اور بہادری دکھائی اور اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ دنیا کو باور ہوا کہ پاکستان کی ایٹمی صلاحیت صرف دفاعی مقاصد کے لیے ہے۔ 24 کروڑ عوام کی دعائیں اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ تھیں۔ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ واشنگٹن میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ انتہائی مفید، تعمیری اور خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی۔پاک بھارت جنگ بندی میں اہم کردار ادا کرنے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا۔جنگ طول پکڑتی تو اس کے بے پناہ نقصان ہو سکتے تھے۔ میں نے انہیں بتایا کہ دونوں ممالک ایٹمی طاقتیں ہیں ، اگر صدر ڈونلڈ ٹرمپ بروقت اور فیصلہ کن کردار ادا نہ کرتے تو نہ صرف خطے بلکہ دنیا پر اس جنگ کے اثرات پڑتے ، یہی وجہ ہے کہ پاکستانی قوم نے امن کوششوں پر نوبل انعام کے لیے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا نام تجویز کیا صدرڈونلڈ ٹرمپ نے اس کے علاوہ بھی دنیا میں کشیدگی کو ختم کرانے میں کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دوست اور برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدہ کیا گیا ہے، سعودی عرب کے دورے میں پاکستان کو بے پناہ عزت دی گئی، سعودی قیادت نے شاندار انداز میں استقبال کیا جو 24 کروڑ پاکستانیوں کے لیے باعث فخر ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ اقوام متحدہ میں غزہ کی صورتحال پر ہونے والے اجلاس کا مثبت نتیجہ بہت جلد سامنے آئے گا۔







