10 مئی پاکستان کے نئے جنم کا دن،اختیار ولی خان
پاکستان نے بھارت کے 6طیارے گرا کر اس کا غرور خاک میں ملایا
اسلام آباد:
وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات اختیار ولی خان نے کہا ہے کہ 10مئی پاکستان کے نئے جنم کا دن ہے جب پاکستان نے بھارت کے 6طیارے گرا کر اس کا غرور خاک میں ملایاتھا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اختیار ولی خان نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر جنگ مسلط کی، مگر پاکستان نے صبر، حوصلے اور امن کے پیغام کے ساتھ اس کا مقابلہ کیا۔ ہم نے کہا تھا جنگ نہیں، امن بہتر ہے، لیکن دشمن نے ہماری امن پسندی کو کمزوری سمجھا۔ اسے یہ علم نہ تھا کہ پاکستانی قوم شکست نہیں مانتی۔انہوں نے کہا کہ یہ تاریخ کی پہلی جنگ تھی جس میں پاکستان کی کامیابی کو دنیا نے تسلیم کیا۔ پاکستان کی مسلح افواج نے جدید دفاعی ٹیکنالوجی رکھنے والی کئی طاقتوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ اس دن ملک کے ہر کونے میں ایک ہی نعرہ گونج رہا تھا پاکستان زندہ باد! اور یہاں تک کہ ایران کی پارلیمنٹ سے بھی یہی نعرہ بلند ہوا۔اختیار ولی خان نے کہاکہ پاکستان کی فوج سرحدوں کی حفاظت کر رہی ہے تو سیاسی قیادت سفارتی محاذ پر ملک کا دفاع کر رہی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے امریکا کا دورہ کسی امداد کے لیے نہیں بلکہ برابری کی سطح پر گفت و شنید کے لیے کیا، جو پاکستان کی خوداعتمادی کی واضح مثال ہے۔انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی قیادت کو بے مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں کی مضبوط رہنمائی نے قوم کو ایک نئی سمت دی ہے۔اختیار ولی خان نے واضح کیا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے موقف کا حامی ہے اور وہی حل قبول کرے گا جو فلسطینی قیادت کو منظور ہو۔







