بھارتی جارحیت کا ایسا بھر پور جواب دیا جائے گا کہ اسکی اگلی نسلیں یاد رکھیں گی، پاک فوج

راولپنڈی : پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ” آئی ایس پی آر“ نے کہا ہے کہ بھارتی فوجی قیادت کے اشتعال انگیز بیانات سے جنوبی ایشیا میں امن کو سخت نقصان پہنچ سکتا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بھارتی فوجی قیادت نے ایک مرتبہ پھر من گھڑت، اشتعال انگیز پروپیگنڈہ شروع کر دیا ہے ۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ پروپیگنڈہ بہار اور مغربی بنگال کے انتخابات کے پیش نظر دہرایا جا رہا ہے اور ایسا لگتا ہے کہ بھارت کی سیاسی و فوجی قیادت اس حقیقت کو ہضم نہیں کر پائی کہ انہیں معرکہ حق میں فیصلہ کن شکست ہوئی، بھارت کی جھوٹ کی پرتیں بے نقاب ہو چکی ہیں، دنیا اب بھارت کو سرحد پار دہشتگردی کا اصلی چہرہ اور علاقائی عدم استحکام کا مرکز مانتی ہے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میںکہا کہ بھارت اپنے عوام اور پڑوسیوں کے مفاد کے منافی مہم جوئی اور بالادستی کی پالیسیوں پر اڑا ہوا ہے، پاکستانی عوام اور افواج اپنی دھرتی کے ہر انچِ کے دفاع کے لیے پوری صلاحیت اور پختہ عزم رکھتے ہیں۔
شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ بھارتی مسلح افواج اور اس کے سیاسی آقاﺅں کو پاکستانی صلاحیت اور عزم کو سمجھ لینا چاہیے، بھارت کے ہر جارحانہ اقدام کا جواب تیز، پختہ اور بھرپور انداز میں دیا جائے گا،جو اسکی اگلی نسلیں یاد رکھیں گی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ بھارتی عوام اور بین الاقوامی برادری کو جھوٹ باور کروائے جا رہے ہیں، ہرپیشہ ور فوجی جانتا ہوگا کہ غیرضروری گھمنڈ اوربےجا بیانات جنگی جنون بڑھا سکتے ہیں، ایسے عمل سے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔






