بھارتی حکومت مقبوضہ جموں وکشمیر کی صورتحال کے بارے میں دنیا کو گمراہ کررہی ہے:حریت کانفرنس
حریت ترجمان کی جموں و کشمیرکے بارے میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کے بیان کی تعریف

سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے عالمی برادری کو گمراہ کرنے کے لیے خطے میں امن اور حالات معمول کے مطابق ہونے کا سفید جھوٹ پھیلانے پر نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کی مذمت کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں حریت قائدین کے ایک اجلاس کے بعد جاری ایک بیان میں بھارت کی سیاسی اور عسکری قیادت کی طرف سے سیکورٹی کی صورتحال میں بہتری کے بے بنیاد دعوئوں کو مستردکیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ اس طرح کے دعوے مضحکہ خیز ہیںکیونکہ پورا علاقہ فوج اور پولیس کے محاصرے میں ہے۔ترجمان نے بھارتی فوجی حکام اور بی جے پی رہنمائوں کے حالیہ دھمکی آمیز بیانات کی مذمت کرتے ہوئے انہیں انتہائی اشتعال انگیز اور خطرناک قرار دیا۔ بیان میں خبردار کیا گیا کہ اس طرح کی بیان بازی خطے کو تباہ کن جنگ کے دہانے کی طرف دھکیل رہی ہے۔حریت ترجمان نے پاکستان کے فیلڈ مارشل اور چیف آف آرمی سٹاف سید عاصم منیر کے حالیہ بیان کو بھی سراہا جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ بیان میں کہاگیاہے کہ جب تک تنازعہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل نہیں ہو جاتا،کشمیریوں کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔حریت ترجمان نے کہاکہ کشمیری پاکستان کے عوام اور فوج کے شکر گزار ہیں جومسلسل ان کی غیرمتزلزل حمایت کررہے ہیں۔ترجمان نے کہاکہ کشمیری قیادت کی طویل نظربندی اور سیاسی تنظیموں کے خلاف کریک ڈائون سمیت بھارت کے ظالمانہ اقدامات آزادی کے لئے کشمیری عوام کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ وہ ظلم وبربریت سے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے جائز مطالبے کو نہیں دبا سکتا۔





