کشمیری کل ” یوم شہدائے جموں“ منائیںگے
سری نگر: کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری کل” یوم شہدائے جموں“ اس تجدید عہد کے ساتھ منائیں گے کہ وہ حق خودارادیت کے حصول تک شہدا ءکے مشن کو ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مہاراجہ ہری سنگھ کی فورسز، بھارتی فوجیوں اور ہندوتوا قوتوںنے جموں کے مختلف علاقوں میں لاکھوں کشمیریوں کا اس وقت قتل عام کیاتھا جب وہ نومبر 1947 کے پہلے ہفتے میں پاکستان کی طرف ہجرت کر رہے تھے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماوں اور تنظیموں نے سرینگر میں اپنے بیانات میں جموں کے شہداءکو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقدس خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جموں کے شہدانے ایک مقدس مقصد کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ان کی بے مثال قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جائے گا۔
حریت رہنماو¿ں اور تنظیموں نے کہا کہ 1947 میں جموں کے مسلمانوں کی دل دہلا دینے والی نسل کشی دنیا کا سب سے بڑا سانحہ تھا جس میں لاکھوں مسلمان مارے گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ شہداءکو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے مشن کو مقصد کے حصول تک ہرقیمت پر جاری رکھا جائے۔
دریں اثنا بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں پوسٹرآویزاں کیے گئے ہیں جن کے ذریعے لوگوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ شہدائے جموں وکشمیر کو کل بھر پور خراج عقیدت پیش کریں۔





