مقبوضہ کشمیر : ڈیلی ویجرملازمین کے ریگولرائزیشن اور کم سے کم اجرت ایکٹ کے نفاذ کے حق میں احتجاجی مظاہرے

جموں : غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں مختلف محکموں کے ڈیلی ویجر ملازمین نے زیر التواتنخواہوں کی ادائیگی اور ریگولرائزیشن کے حق میں وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کی رہائشگاہ کی طرف احتجاجی مارچ کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پولیس نے مظاہرین کو روک کر متعدد افرادکو گرفتار کرلیا۔ مقبوضہ کشمیر کے مختلف سرکاری محکموں میں کام کرنے والے ڈیلی ویجرز نے سرینگر میں ریگولرائزیشن ، زیر التوا تنخواہوں کی ادائیگی اور کم سے کم اجرت کے نفاذ کے مطالبات کے حق میں احتجاج کیا۔ سنگھرش سمیتی کے چیئرمین سنی کانت چِب کی قیادت میں مظاہرین نے جن میں خواتین بھی شامل تھیں ،وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کی حکومت کے خلاف نعرے لگائے اور ریذیڈنسی روڈ پرواقع انکی سرکاری رہائش گاہ کی طرف مارچ کیا لیکن وہاں تعینات پولیس کی بھاری نفری نے مظاہرین کو شہیدی چوک پر روک دیااورمتعدد مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔گرفتاریوں کے خلاف مظاہرین نے شہیدی چوک پر ہی دھرنا دیدیا۔
دریں اثناء ضلع کپواڑہ کے علاقے ہندواڑہ میں چنار پارک میں یومیہ اجرت پر کام کرنے ملازمین نے ریگولرائزیشن اور کم از کم اجرت ایکٹ کے نفاذ ایسا ہی احتجاج کیا۔احتجاج میں خواتین مظاہرین بھی شامل تھیں۔




