دلی دھماکے کے بعد کشمیریوں کوانتقامی کارروائی کا نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے،محبوبہ مفتی
سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ دلی دھماکے کے بعد کشمیریوں کو نشانہ نہیں بنایا جاناچاہیے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے کنگن میں بابا نگری ونگٹ کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے دلی میں لال قلعہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والے بلال احمد سانگو کے سوگوار خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے واقعے کو افسوسناک اور تکلیف دہ قرار دیا اور قابض حکام پر متاثرہ خاندان کی ہر ممکن مدد پر زوردیا۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ کسی بھی واقعے میں بعض افراد کی شمولیت کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے اجتماعی سزا میں تبدیل نہیں کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ دلی دھماکے کے بعد بھارت بھر میں بے گناہ کشمیریوں کو خوف و دہشت اور امتیازی سلوک کا نشانہ نہیں بنایا جارہا ہے ۔محبوبہ مفتی نے قابض حکام سے اپیل کی کہ وہ کشمیری طلبا، کارکنوں اور بھارت میں مقیم کشمیریوں کی حفاظت کے لیے عمل اقدامات کرے۔







