مقبوضہ کشمیر :بھارتی حکومت مسلسل بین الاقوامی انسانی قانون اورشہری حقوق کو پامال کر رہی ہے: رحمانی
حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے دفتر میں دعائیہ مجلس کا انعقاد

اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے سینئر رہنما محمد فاروق رحمانی نے کہا ہے کہ جارح بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں بین الاقوامی انسانی قانون اور بنیادی شہری حقوق کی پامالی کاسلسلہ مسلسل ہے،جس کی وجہ سے کشمیریوں کی شدید سماجی اور معاشی مشکلات کا سامنا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے گھروں پر چھاپوں ،تلاشی کی کارروائیوں اور جھوٹے الزامات کے تحت کشمیری نوجوانوں کی گرفتاریوں اور بانڈی پور کے مرکزی بازار میں درجنوں دکانوں کی ضبطی کی مذمت کی ۔ انہوں نے لال قلعہ میں ہونے والے ھماکے کے بعد نوگام تھانے میں ہونے والے ایک دھماکے کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں پر بھی افسوس ظاہر کیا ۔فاروق رحمانی نے کہاکہ نوگام تھانے میں دھماکہ خیز امونیم نائٹریٹ خود بھارتی حکام نے وہاں منتقل کیا تھا جس سے بھارتی اسٹیبلشمنٹ کے کردار کے بارے میں بہت سے خدشات اور سوالات نے جنم لیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی پولیس اور فوجی حکام کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی ہر قسم کی خلاف ورزی پر مکمل استثنیٰ حاصل ہے ، انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوںاورسوشل میڈیا پلیٹ فارم پر پابندیوں کا فوری نوٹس لے۔
دریں اثنا حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے دفتر میں تحریک آزادی کے رہنما مجاز کشمیری کی برسی , ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے رہنما فیاض احمد سوداگر کی والدہ ، فاروق احمد کے والد، معروف کالم نگار محمد صغیر قمر کی والدہ اور منظور احمد کے والد کے انتقال پر ایک دعائیہ مجلس منعقد ہوئی۔
سینئر حریت رہنما محمد فاروق رحمانی کی صدارت میں منعقد ہونے والی مجلس میں مرحومین کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔
مقررین نے تحریک آزادی کشمیر میں مجاز کشمیری کی گراں قدر خدمات کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجاز کشمیری جرات، حکمت، استقامت اور تحریکی بصیرت کے کوہِ گراں تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی مظلوم کشمیریوں کے حقِ آزادی، عزت اور وقار کے لیے وقف کیے رکھی۔
دعائیہ مجلس میں حریت کانفرنس آزادجموںوکشمیر شاخ کے جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد، سیکرٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ ،سینئر رہنما محمود احمد ساغر، سید یوسف نسیم، محمد حسین خطیب، شیخ عبدالمتین، شیخ محمد یعقوب، زاہد اشرف، امتیاز وانی ،زاہد مجتبیٰ، محمد اشرف ڈار، منظور احمد ڈار،عبد الحمید لون، قاضی عمران اور سیکریٹری نے شرکت کی۔








