دبئی ائیر شو میں طیارے کی تباہی، بھارتیوں کی اپنی فضائیہ پر تنقید، ائیر چیف کے استعفے کا مطالبہ

نئی دلی:دبئی میں ائیر شو کے دوران بھارت کا جنگی طیارہ تیجس گرنے کے بعد بھارتیوں نے اپنی فضائیہ کو آڑے ہاتھوں لے لیا اور ائیر چیف کے استعفے کا مطالبہ کر دیا۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق جمعہ کو دبئی ائیر شو کے دوران بھارت کا جنگی طیارہ ایروبیٹک اسٹنٹ کے دوران گر کر تباہ ہوگیا ۔
چند روز قبل ہی دبئی ائیر شو کے دوران بھارتی لڑاکا طیارے کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں تیجس طیارے کے فیول ٹینک سے تیل لیک ہوتے دیکھا گیا تھا۔
تیجس گرنے کے بعد سوشل میڈیا پر بھارتی صارفین نے اپنی فضائیہ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور ائیر چیف کے استعفے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
انوشی تیواری نامی بھارتی صارف نے” ایکس “پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ یہ پوری دنیا کے سامنے بھارت کے لیے ایک بہت بڑی رسوائی ہے۔ بھارتی ائیر فورس کے سربراہ کو فوراً عہدے سے ہٹا دینا چاہیے۔
ایک اور بھارتی صارف تیجسوی پراکاش نے سوال اٹھایا کہ اگر ہمارے طیارے بنیادی ایروبیٹک اسٹنٹ بھی نہیں کر سکتے تو یہ اس سے بھی بڑا سوال پیدا کرتا ہے، کیا ہمارے پائلٹس کو یہ طیارے اڑانے کی مناسب تربیت دی جا رہی ہے۔ صارفین نے بھارتی ائیر چیف پرتنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب ہمارا ائیر چیف ڈسپلن، تربیت اور تکنیکی تیاری پر بات کرنے کے بجائے زیادہ تر ڈانس کلپس میں نظر آئے، تو صاف ظاہر ہے کہ قیادت کے اعلیٰ سطح پر کچھ نہ کچھ غلط ہو رہا ہے۔
یاد رہے کہ دو سال سے بھی کم عرصے میں تیجس طیارےکا یہ دوسرا حادثہ ہے اور مارچ 2024 میں تیجس لڑاکا طیارہ راجستھان کے شہرجیسلمیرمیں گرکرتباہ ہواتھا۔







